حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال پر دفترِ نمایندگی آیت اللہ وحید خراسانی، لکھنؤ کی جانب سے مجلسِ تعزیت و تسلیت کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، اساتذہ، حوزات علمیہ کے طلاب اور مکتبِ اہل بیتؑ سے وابستہ بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے اس عظیم علمی و دینی خسارے پر رنج و غم کا اظہار کیا۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام مولانا محمد میاں عابدی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی، تربیتی اور روحانی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان کے علمی افکار، سیرت اور معارفِ اہل بیتؑ کے حوالے سے ان کے گہرے فہم و بصیرت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم مرجع کی زندگی علم و معرفت، اخلاص اور خدمتِ مکتبِ اہل بیتؑ کا ایک روشن نمونہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے مکتب سے صرف دینی علوم کا حصول ہی نہیں، بلکہ معرفتِ عمیق، محبتِ صادقہ اور عمل میں اخلاص کے ساتھ اہل بیتؑ کی خدمت کا سلیقہ بھی سیکھنے کو ملا۔ ان کی علمی و تربیتی سیرت اس بات کی رہنمائی کرتی ہے کہ شاگردوں کی تربیت، باصلاحیت اور متعہد علماء کی پرورش، معارفِ دینی کی ترویج اور نئی نسل کو دینی شعور سے آراستہ کرنا حوزات علمیہ کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
مولانا محمد میاں عابدی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے علمی و تربیتی ورثے کی حفاظت اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ان سے وابستہ علماء، اساتذہ اور طلاب کی اہم ذمہ داری ہے، تاکہ مکتبِ اہل بیتؑ کی گراں قدر تعلیمات کو اخلاص اور معرفت کے ساتھ معاشرے تک پہنچایا جاسکے۔
مجلس میں شرکا نے اس عظیم علمی و روحانی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے علمی، تربیتی اور تبلیغی مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مجلس کے اختتام پر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزات علمیہ، مرحوم کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت پیش کی گئی اور بارگاہِ الٰہی میں ان کے درجات کی بلندی اور محمد و آل محمد علیہم السلام کے ساتھ محشور ہونے کی دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ