جمعہ 20 نومبر 2026 - 13:59
تکبر انسان کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور کر دیتا ہے؛ مولانا سید شوکت عباس رضوی نجفی

حوزہ/ حجۃ الاسلام مولانا سید شوکت عباس رضوی نجفی نے خطبۂ جمعہ میں تکبر کو ایک خطرناک اخلاقی بیماری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسان کے اخلاق و کردار اور باہمی تعلقات کو تباہ کرنے کے ساتھ اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور کر دیتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کانودر-گجرات)/ حجۃ الاسلام الحاج مولانا سید شوکت عباس رضوی نجفی، امام جمعہ و جماعت مسجد امام علی علیہ السلام کانودر، گجرات نے خطبۂ جمعہ میں تکبر کو ایک خطرناک اخلاقی بیماری قرار دیتے ہوئے اس کے اسباب، نقصانات اور قرآنی و اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اس سے بچنے کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ تکبر معاشرے کی ان مذموم اخلاقی صفات میں سے ہے جو انسان کے کردار، اخلاق اور باہمی تعلقات کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ قرآن مجید میں متکبرین کی سخت مذمت کی گئی ہے اور انسانوں کو غرور و خود پسندی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔

خطبۂ جمعہ میں عزتِ نفس اور تکبر کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا گیا کہ عزتِ نفس کا مطلب اپنی عزت و وقار کی حفاظت کرنا ہے، جبکہ تکبر یہ ہے کہ انسان خود کو دوسروں سے برتر سمجھے اور انہیں حقیر جانے۔ یہ دونوں صفات ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔

مولانا شوکت عباس رضوی نجفی نے تکبر کے مختلف اسباب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات انسان اپنی عبادت، علم، حسب و نسب، منصب یا مال و دولت کی وجہ سے غرور میں مبتلا ہو جاتا ہے اور خود کو دوسروں سے افضل سمجھنے لگتا ہے، حالانکہ ان تمام نعمتوں کا حقیقی مالک اللہ تعالیٰ ہے۔

انہوں نے قرآن مجید کی روشنی میں تکبر کی دو نمایاں مثالیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ شیطان اپنی عبادت اور خلقت پر مغرور ہوا اور اسی غرور کے نتیجے میں حضرت آدمؑ کو سجدہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اس نے اپنی برتری کا اظہار کرتے ہوئے کہا: أَنَا خَيْرٌ مِنْهُ خَلَقْتَنِي مِنْ نَارٍ وَخَلَقْتَهُ مِنْ طِينٍ (سورۂ اعراف: 12) ترجمہ: میں اس سے بہتر ہوں، تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا ہے اور اسے مٹی سے پیدا کیا ہے۔

اسی طرح قارون کو اپنے علم اور مال و دولت پر غرور تھا۔ اس نے اپنی دولت کو اپنی ذاتی قابلیت اور علم کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا: إِنَّمَا أُوتِيتُهُ عَلَىٰ عِلْمٍ عِنْدِي (سورۂ قصص: 78) ترجمہ: یہ دولت مجھے اس علم کی بنیاد پر دی گئی ہے جو میرے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قارون کا انجام اس بات کی واضح مثال ہے کہ غرور و تکبر انسان کو کس طرح تباہی کے راستے پر لے جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے تکبر اور سرکشی کے نتیجے میں اسے اور اس کے گھر کو زمین میں دھنسا دیا۔

خطبے میں احادیثِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں بھی تکبر کے ہولناک انجام کی جانب توجہ دلائی گئی۔ اس سلسلے میں ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ قیامت کے دن متکبرین کو چیونٹیوں کی مانند چھوٹی مخلوق کی شکل میں محشور کیا جائے گا اور لوگ انہیں اپنے قدموں تلے روندتے ہوئے گزریں گے۔

مولانا شوکت عباس رضوی نجفی نے تاکید کی کہ انسان کو عبادت، علم، حسب و نسب، منصب اور مال و دولت میں سے کسی بھی چیز کو تکبر اور دوسروں کو حقیر سمجھنے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ حقیقی عظمت اللہ تعالیٰ کی بندگی، تواضع و انکساری، حق کو قبول کرنے اور مخلوقِ خدا کے احترام میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ انسان کو ہمیشہ اپنی حقیقی حیثیت اور مقام کو یاد رکھنا چاہیے؛ کیونکہ عزتِ نفس انسان کو باوقار بناتی ہے، جبکہ تکبر اسے ذلت و رسوائی سے دوچار کر دیتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha