حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمی محفوظی نے پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی ایک روایت بیان کرتے ہوئے اچھے دوست کی تین اہم خصوصیات کی وضاحت کی ہے۔
آیت اللہ محفوظی نے کہا کہ رسول اکرم (ص) سے پوچھا گیا کہ اچھے دوست کے انتخاب کا معیار کیا ہونا چاہیے؟ آپ(ص) نے فرمایا:
’’ایسا شخص جسے دیکھ کر خدا یاد آئے، جس کی گفتگو سے تمہارے علم میں اضافہ ہو اور جس کا عمل تمہیں آخرت کی یاد دلائے۔‘‘
کن لوگوں کو دوست نہیں بنانا چاہیے؟

قرآن کریم بھی بری صحبت اور گمراہ لوگوں سے دوستی کے انجام سے خبردار کرتا ہے۔ سورۂ فرقان میں ارشاد ہوتا ہے: وَيَوۡمَ يَعَضُّ ٱلظَّالِمُ عَلَىٰ يَدَيۡهِ يَقُولُ يَٰلَيۡتَنِي ٱتَّخَذۡتُ مَعَ ٱلرَّسُولِ سَبِيلࣰا -يَٰوَيۡلَتَىٰ لَيۡتَنِي لَمۡ أَتَّخِذۡ فُلَانًا خَلِيلࣰا، لَّقَدۡ أَضَلَّنِي عَنِ ٱلذِّكۡرِ بَعۡدَ إِذۡ جَآءَنِيۗ وَكَانَ ٱلشَّيۡطَٰنُ لِلۡإِنسَٰنِ خَذُولࣰا سورہ فرقان آیت 27، 28، 29۔
’’اور اس دن ظالم اپنے ہاتھوں کو کاٹے گا اور کہے گا: کاش! میں نے رسول کے ساتھ راستہ اختیار کیا ہوتا۔ ہائے میری بدبختی! کاش میں نے فلاں شخص کو دوست نہ بنایا ہوتا۔ اس نے میرے پاس نصیحت آجانے کے بعد مجھے اس سے گمراہ کر دیا اور شیطان انسان کو بے یار و مددگار چھوڑ دینے والا ہے۔‘‘
اسی حقیقت کو شاعر نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے:
منشین با بدان که صحبت بد
گرچه پاکی، تو را پلید کند
آفتاب ارچه روشن است او را
پاره ای ابر ناپدید کند
(بدوں کی صحبت میں نہ بیٹھ کہ بری صحبت پاکیزہ انسان کو بھی آلودہ کر دیتی ہے اگرچہ سورج روشن ہوتا ہے مگر بادل کا ایک ٹکڑا بھی اسے چھپا دیتا ہے۔)
آیت اللہ محفوظی نے مزید کہا کہ برے اور بدکردار لوگوں کی صحبت انسان کے اخلاق و کردار پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ سے بھی روایت ہے:
’’برے لوگوں کے ساتھ بیٹھنا برائی پیدا کرتا ہے، جیسے بدبودار اور گندی جگہ سے گزرنے والی ہوا اپنے ساتھ بدبو لے جاتی ہے۔‘‘
یہ مطالب اسلامی اخلاق کی اہم تعلیمات میں شامل ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ انسان کو دوستوں کے انتخاب میں محض ظاہری تعلق یا ذاتی مفاد کے بجائے ان کے اخلاق، کردار اور دینی و علمی اثرات کو اہمیت دینی چاہیے۔
ماخذ: کتاب اخلاق اسلامی










آپ کا تبصرہ