پیر 23 نومبر 2026 - 20:22
چڑیل

حوزہ/ مولانا سید نجیب الحسن زیدی اپنے اس فکر انگیز مضمون میں شادی بیاہ کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی بے حجابی، غیر ضروری نمائش اور سوشل میڈیا پر نجی لمحات کی تشہیر کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے دینی و خاندانی اقدار کے تحفظ، حیا، عفت اور تہذیبی شناخت کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ مضمون میں بالخصوص مذہبی گھرانوں کو اپنی روایات اور اخلاقی ذمہ داریوں کی جانب متوجہ کیا گیا ہے۔

تحریر: مولانا سید نجیب الحسن زیدی

حوزہ نیوز ایجنسی | گھر کی بڑی بوڑھی خواتین کسی زمانے میں اکثر کسی جڑیل کی کہانیاں سناتی جس نے کسی گاؤں کو اجاڑ دیا رشتوں کو نگل لیا یا کسی خاندان کو برباد کر دیا شوہر کو کنگال بنا دیا بھائی کو بھائی سے جدا کر دیا سب کچھ نگل لیا۔

چڑیل کیسی ہوتی تھی یہ تو کسی نے نہیں دیکھا لیکن اسکے لئے ہر گاؤں اور قریہ میں بھیانک کہانیاں موجود ہیں۔

چڑیل کا وجود افسانہ یا حقیقت

چڑیل کا واقعی وجود ثابت کرنا تو مشکل ہے لیکن شاید ہم ایک ایسی چڑیل کے دور میں داخل ہو چکے ہیں جسے نہ کسی ویرانے کی ضرورت ہے، نہ کسی قبرستان کی، نہ رات کے اندھیرے کی۔ اسے تو بس ہمارے گھروں کی روشنیاں، شادیوں کی رونقیں، موبائل کی اسکرینیں اور ہماری اجتماعی بے حسی درکار ہے۔

یہ چڑیل کسی خوفناک چہرے کے ساتھ نہیں آتی، بلکہ کبھی فیشن کے نام پر، کبھی جدیدیت کے عنوان سے، کبھی اسمارٹنس کی آڑ میں اور کبھی آزادیٔ نسواں کے خوش نما نعروں کے ساتھ ہمارے درمیان اترتی ہے۔

ہماری شادیاں اور ہر طرف ناچتی چڑیلیں

ذرا اپنے معاشرے کی شادیوں پر نگاہ ڈالیے! وہ شادیاں جو کبھی حیا، تہذیب، خاندانی وقار اور خوشیوں کا حسین امتزاج ہوا کرتی تھیں، آج بعض مقامات پر لباس کی نمائش، جسم کی آرائش اور بے حجابی کے مقابلوں میں تبدیل ہوتی جا رہی ہیں۔ گلابی، سرخ اور شوخ لباس اپنی جگہ خوب صورت ہے، زیب و زینت بھی انسانی فطرت کا حصہ ہے، لیکن جب لباس کا مقصد جسم کو ڈھانپنے کے بجائے اسے نمایاں کرنا بن جائے، جب آرائش وقار کے بجائے نمائش کا ذریعہ بن جائے اور جب حیا کو دقیانوسی سوچ سمجھا جانے لگے تو پھر مسئلہ فیشن کا نہیں، فکر و تہذیب کا ہے۔

بیوٹی پارلر سے نکلنے کے بعد بعض چہرے اس قدر بدل جاتے ہیں کہ پہچاننے کے لیے بھی چند لمحے درکار ہوتے ہیں۔ چہرے پر کئی تہیں، آنکھوں میں کئی رنگ، ظاہری حسن کو مصنوعی دل کشی میں بدلنے کی ایسی کوشش کہ اصل شناخت کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔ سوال یہ نہیں کہ کوئی خاتون بناؤ سنگھار کیوں کرے؟ سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے خوب صورتی کا معیار ہی بدل دیا ہے؟ کیا سادگی اب کمتری کی علامت اور مصنوعی آرائش ترقی کی سند بن چکی ہے؟

سادات کی بستیوں میں چڑیلیں

درد اس وقت مزید بڑھ جاتا ہے جب یہی منظر ان بستیوں میں دکھائی دیتا ہے جن کی شناخت کبھی علم، تقویٰ، شرافت، سادات کی نسبت اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت ہوا کرتی تھی۔

سادات کی بستیوں میں پلنے والی بچیاں محض کسی ایک خاندان کی بیٹیاں نہیں ہوتیں، وہ ایک تاریخی، روحانی اور اخلاقی نسبت کی امین بھی ہوتی ہیں۔ سید زادی ہونا کوئی ظاہری تمغہ نہیں، بلکہ ایک نسبت کے ساتھ وابستہ ذمہ داری کا نام ہے۔ اس نسبت کا تقاضا یہ نہیں کہ کوئی عورت خوب صورت نہ بنے، خوش لباس نہ ہو یا اپنی شخصیت کا خیال نہ رکھے؛ بلکہ تقاضا یہ ہے کہ اس کی خوب صورتی میں وقار، اس کے لباس میں تہذیب اور اس کی شخصیت میں حیا بھی باقی رہے۔

لیکن افسوس! آج بعض شادیوں میں بے حجابی، نامناسب لباس اور جسمانی نمائش اس قدر عام ہوتی جا رہی ہے کہ دیکھنے والا سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ کیا ہم واقعی اسی معاشرے کا حصہ ہیں جہاں اہل بیتؑ کی محبت کو اپنی شناخت اور سیدۂ کونینؑ کی نسبت کو اپنا افتخار سمجھا جاتا ہے؟

سید زادیاں اور اجنبی نگاہیں

یہ مناظر شادی ہال کی چار دیواری تک محدود نہیں رہتے فیس بک کی پوسٹ، انسٹاگرام کی ریل، واٹس ایپ اسٹیٹس اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان تصاویر اور ویڈیوز کی نمائش شروع ہو جاتی ہے۔ جو لمحے کبھی خاندان کی نجی خوشی ہوا کرتے تھے، انہیں ہزاروں اجنبی نگاہوں کے سامنے پیش کرنا ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔ اب خوشی منانے سے زیادہ اہم یہ ہو گیا ہے کہ خوشی دکھائی کتنی گئی، کتنے لوگوں نے دیکھا، کتنے لائکس ملے اور کتنے تبصرے آئے۔

کیا ہم نے کبھی سوچا؟۔۔۔

کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ہماری ایک تصویر، ایک ویڈیو اور ایک غیر محتاط ریل ہماری اپنی شخصیت کے علاوہ ہمارے گھر، خاندان اور معاشرتی اقدار کے بارے میں بھی ایک تاثر قائم کرتی ہے؟

یہاں ایک سوال ان لوگوں سے بھی ہے جو خود کو دیندار سمجھتے ہیں۔ وہ والدین جو اپنی اولاد کی تربیت کے لیے فکر مند ہیں، وہ نوجوان جو حلال و حرام کی تمیز کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں، وہ علماءاور مذہبی گھرانے جو اپنے بچوں کو حیا اور عفت کی تعلیم دیتے ہیں، وہ آخر کہاں جائیں؟ شادی میں شرکت کریں تو بعض مناظر سے نگاہیں بچائیں، تصاویر بنوائیں تو ان کے پھیل جانے کا اندیشہ، خاندانی تقریبات میں شریک ہوں تو اپنے بچوں کو کیا دکھائیں اور کیا سمجھائیں؟

کیا دیندار انسان کو اپنے ہی معاشرے میں اجنبیت کا احساس ہونا چاہیے؟ کیا اسے ہر تقریب میں اس خوف کے ساتھ شریک ہونا چاہیے کہ کہیں اس کے سامنے کوئی ایسا منظر نہ آ جائے جس سے اس کی نگاہ اور اس کے بچوں کی تربیت متاثر ہو؟

یہ بھی حقیقت ہے کہ مغربی تہذیب کی یلغار صرف لباس تک محدود نہیں رہی۔ اس نے ہماری ترجیحات، ہماری خوشیوں، ہمارے خاندانی تصورات اور ہمارے حسن و جمال کے پیمانوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ ہم نے دوسروں کی تہذیب سے فیشن تو سیکھ لیا، لیکن اس فیشن کے پیچھے موجود فکری و ثقافتی پس منظر کو سمجھنے کی زحمت نہیں کی۔ نتیجہ یہ ہے کہ ہم اپنی تہذیبی شناخت کھوتے جا رہے ہیں اور اسے ترقی کا نام دے رہے ہیں۔

یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ حجاب کا مطالبہ عورت کی تذلیل نہیں، اس کی آزادی سلب کرنے کی کوشش نہیں اور نہ ہی عورت کی شخصیت کو محض لباس میں محدود کرنے کا نام ہے۔ حیا مرد و عورت دونوں کی اخلاقی میراث ہے۔ نگاہ کی حفاظت مرد پر بھی واجب ہے، کردار کی پاکیزگی دونوں کے لیے ضروری ہے اور معاشرتی اصلاح کی ذمہ داری بھی صرف خواتین پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ مردوں کی بے راہ روی، فحش نگاہیں، نامناسب تبصرے اور عورت کو محض ایک قابلِ نمائش شے سمجھنے والی ذہنیت بھی اسی بگاڑ کا حصہ ہیں۔

لیکن یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ کیا ہم اپنی نئی نسل کو سمجھا سکیں گے کہ شہزادی کونین فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی نسبت ہمارے لیے صرف ایک فخریہ لقب نہیں، بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری بھی ہے؟

کیا ہم اپنی بیٹیوں کو یہ سمجھا سکیں گے کہ حسن و جمال سے انکار کیے بغیر بھی باوقار رہا جا سکتا ہے خوب صورتی کا مطلب جسم کی نمائش نہیں، شخصیت کی تہذیب بھی ہے؟ مارڈن ہونے کے لیے بے حیا ہونا ضروری نہیں اور اسمارٹ دکھائی دینے کے لیے اپنی شناخت کو مصنوعی رنگوں میں چھپا دینا کوئی کامیابی نہیں!

اور سب سے بڑا سوال یہ کہ کیا ہم اپنی شادیوں کو دوبارہ خاندانی وقار، حیا اور تہذیب کی محفل بنا سکیں گے؟

توہین مقصود نہیں

ہرگز یہاں بے حجاب خواتین کی توہین مقصود نہیں، نہ کسی کی ظاہری شکل و صورت پر تبصرہ کرنا ہمارا مقصد ہے۔ کسی سید زادی کو اس کی بے حجابی کی بنیاد پر چڑیل کہنا بھی یقیناً اس کی توہین ہوگی، اور ہم ایسا نہیں کر سکتے۔ ہماری مصیبت و مشکل کسی عورت کے وجود سے نہیں، ان رویوں سے ہے جو اس کی عزت، اس کے وقار اور اس کے دینی تشخص کو کمزور کر رہے ہیں۔ ہماری شکایت ان والدین سے بھی ہے جو تربیت کی جگہ نمائش کو کامیابی سمجھ بیٹھے ہیں، ان منتظمین سے بھی ہے جو تقریبات میں حیا کے تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہیں اور ان مردوں سے بھی ہے جو اس ماحول کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

لیکن کبھی کبھی دل میں ایک عجیب سا خیال ضرور آتا ہے۔

جب کسی شادی میں حیا کے پردے اٹھتے ہوں گے، جب اہل بیتؑ سے نسبت رکھنے والے خاندانوں میں بھی نمائش کو فخر سمجھا جاتا ہوگا، جب ایک کے بعد دوسری تصویر اور ویڈیو بے دریغ سوشل میڈیا پر ڈالی جاتی ہوگی، جب حیا کو پرانی سوچ اور بے حجابی کو جدیدیت کہا جاتا ہوگا، تو شاید ان تمام مناظر کے پیچھے کھڑی وہ فرضی چڑیل مسکراتی ہوگی کہ آج اسے کسی گھر میں داخل ہونے کی ضرورت ہی نہیں پڑی، ہم نے خود اس کے لیے دروازے کھول دیے۔ اسے کسی خاندان کو برباد کرنے کے لیے جادو کرنے کی ضرورت نہیں رہی، ہم نے اپنی اقدار، اپنی ترجیحات اور اپنی تربیت کو خود اس کے حوالے کر دیا۔

کبھی مشہور تھا چڑیلیں گھر برباد کر دیتی تھیں، مگر آج یہ بے حسی، یہ بے حجابی اور یہ ثقافتی یلغار ایک ایسی چڑیل کا روپ اختیار کرتی جا رہی ہے جو صرف گھروں کو نہیں، ایک پورے دینی معاشرے کی تہذیبی شناخت کو نگلنے کے درپے ہے۔

اور افسوس! اس چڑیل کی سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ اس نے ہمارے لباس بدل دیے، بلکہ یہ ہے کہ اس نے ہمیں اپنے بدل جانے کا احساس تک نہیں ہونے دیا۔

کاش! ہم اس کی مسکراہٹ کو اپنی مزید بربادی سے پہلے پہچان لیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha