تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی
حوزہ نیوز ایجنسی | "در مقام حضرت ام البنین سلام الله علیها همین بس که فرزندی تربیت کرد که پشت و پناه کسی بود که او پشت و پناه عالم امکان است."
شیخ الفقہاء آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کا یہ قول حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کو سمجھنے کے لئے ایک نہایت عمیق فکری، عرفانی اور تربیتی زاویہ پیش کرتا ہے کہ ’’حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ انہوں نے ایسے فرزند کی تربیت کی جو اس ہستی کا پشت و پناہ تھا جو خود عالمِ امکان کا پشت و پناہ ہے۔‘‘
یہ محض ایک ماں اور بیٹے کے تعلق کی تعریف نہیں، بلکہ معرفت، تربیت، وفا اور ولایت کے باہمی رشتے کی گہری تعبیر ہے۔ اس ایک جملے میں ماں کی عظمت، فرزند کی وفاداری اور امامِ بر حق کی معرفت کے وہ بلند معانی پوشیدہ ہیں جو انسان کو اپنی ذات سے بلند ہوکر حق کے لئے جینے کا سلیقہ عطا کرتے ہیں۔
دنیا میں عظمت کے کئی پیمانے ہیں؛ کوئی اپنے علم سے پہچانا جاتا ہے، کوئی اپنے اقتدار و دولت سے اور کوئی اپنی قربانیوں سے؛ لیکن تاریخ کے بعض عظیم کردار ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی عظمت ان کی تربیت یافتہ نسل سے نمایاں ہوتی ہے۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا مقام بھی اسی اعتبار سے غیر معمولی ہے۔ انہوں نے ایسے فرزندوں کی تربیت کی جنہوں نے تاریخِ اسلام میں وفا، شجاعت، ایثار اور اطاعتِ امام کی لازوال مثال قائم کی۔
ان کے فرزند حضرت عباس علیہ السلام اس تربیت کا روشن ترین مظہر ہیں۔ وہ کربلا میں صرف ایک بہادر سپاہی نہیں تھے، بلکہ امام حسین علیہ السلام کی نصرت، حمایت اور اطاعت کا ایسا پیکر تھے جس کے سامنے شجاعت بھی سر جھکاتی ہے اور وفا بھی اپنی معراج کو پہنچتی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ سے منقول اس بیان میں ’’پشت و پناہِ امام‘‘ کی تعبیر خصوصی توجہ کی حامل ہے۔ حضرت عباس علیہ السلام کا امام حسین علیہ السلام کا پشت و پناہ ہونا محض جسمانی حفاظت یا جنگی قوت تک محدود نہیں، بلکہ امام کی نصرت، ان کے مقصد سے وفاداری، ان کے حکم کے سامنے تسلیم اور ان کی راہ میں ہر قربانی کے لئے آمادگی کا اظہار ہے۔
امام حسین علیہ السلام حجتِ خدا اور امامِ بر حق تھے۔ حضرت عباس علیہ السلام نے اپنی شجاعت کو ذاتی افتخار کے لئے نہیں، بلکہ امام کی نصرت کے لئے وقف کردیا۔ ان کے پاس قوت و طاقت تھی، لیکن اس قوت کا مرکز اطاعت تھا؛ ان کے پاس شجاعت تھی، لیکن اس شجاعت کا رخ ولایت کی نصرت کی طرف تھا؛ ان کے پاس اپنی جان تھی، لیکن اس سے بھی زیادہ عزیز امام حسین علیہ السلام کی رضا اور نصرت تھی۔
یہی وہ مقام ہے جہاں شجاعت، معرفت کا مظہر بن جاتی ہے اور وفاداری، بندگی کا رنگ اختیار کرلیتی ہے۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے چاروں فرزند، حضرت عباس، حضرت عبداللہ، حضرت جعفر اور حضرت عثمان علیہم السلام نے واقعۂ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی نصرت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ یہ قربانی محض ایک خاندان کی قربانی نہیں، بلکہ ولایت سے وفاداری کا وہ عملی اعلان تھا جس نے تاریخ میں ایک لازوال باب رقم کردیا۔
ان کی سیرت یہ درس دیتی ہے کہ اولاد کی تربیت صرف تعلیم، معاشی آسودگی اور سماجی کامیابیوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس کا بنیادی مقصد حق شناسی، اخلاقی استقامت، ایثار، ذمہ داری اور وفائے عہد کی روح پیدا کرنا بھی ہے۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی تربیت کا نتیجہ یہ تھا کہ ان کے فرزندوں نے دنیا کی عارضی کامیابیوں کے بجائے امامِ بر حق کی نصرت کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا مقصد قرار دیا۔
ولایت محض محبت کا نام نہیں، بلکہ محبت کے ساتھ اطاعت، معرفت کے ساتھ ذمہ داری اور عقیدت کے ساتھ عملی وفاداری کا تقاضا کرتی ہے۔ کربلا میں حضرت عباس علیہ السلام کی شخصیت اسی حقیقت کی عملی تفسیر ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ حقیقی محبت وہ ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنے امام کا ساتھ نہ چھوڑے۔
کربلا کے میدان میں حضرت عباس علیہ السلام کی زندگی کا ہر لمحہ وفا کا ایک مستقل باب ہے۔ جب امام حسین علیہ السلام کے خیموں میں پیاس کی شدت بڑھ گئی اور بچے پانی کے لئے بے قرار ہوئے تو حضرت عباس علیہ السلام فرات کی طرف روانہ ہوئے۔ پانی تک پہنچے، لیکن اپنی پیاس کے باوجود اہل حرم کی پیاس کو مقدم رکھا۔ یہ محض ایثار کا ایک جذباتی منظر نہیں، بلکہ معرفتِ امام کی عملی تفسیر ہے۔ ایک طرف اپنی شدید پیاس تھی اور دوسری طرف امام کے اہل حرم کی تشنگی؛ حضرت عباس علیہ السلام نے اپنی ضرورت پر دوسروں کی ضرورت کو ترجیح دی۔
پھر وہ وقت آیا جب فرات سے خیموں کی طرف واپسی کا سفر مکمل نہ ہوسکا۔ دونوں بازو قلم ہوئے، مشک چھلنی ہوئی اور امیدوں سے وابستہ پانی خاکِ کربلا میں بہہ گیا؛ لیکن حضرت عباس علیہ السلام کی وفا کا پرچم سرنگوں نہ ہوا۔ جسم زخمی ہوگیا، بازو جدا ہوگئے، مشک خالی ہوگئی، مگر امام حسین علیہ السلام کی نصرت کا عہد آخری سانس تک قائم رہا۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت ان کے صبر، معرفت اور امام حسین علیہ السلام سے غیر معمولی وابستگی میں بھی نمایاں ہے۔ روایات میں ہے کہ واقعۂ کربلا کی خبر پہنچنے پر انہوں نے اپنے فرزندوں کی شہادت کی خبر سے پہلے امام حسین علیہ السلام کی خیریت دریافت کی۔ جب انہیں ان کے چاروں فرزندوں کی شہادت کی اطلاع دی گئی تو ان کی توجہ مسلسل امام حسین علیہ السلام کی طرف رہی۔
یہ واقعہ ان کی معرفتِ ولایت اور امام حسین علیہ السلام سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے نزدیک اولاد سے محبت اپنی جگہ، لیکن امامِ بر حق کی نصرت اور سلامتی اس سے بھی زیادہ اہم تھی۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ماں کی محبت، ولایت کے شعور کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر ایک عظیم عقیدتی درس بن جاتی ہے۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت آج کے معاشرے کے لئے بھی ایک زندہ تربیتی منشور ہے۔ آج والدین اپنی اولاد کے روشن مستقبل کے لئے تعلیم، ملازمت، کاروبار، معاشی استحکام اور سماجی مقام کی فکر کرتے ہیں۔ یہ سب اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ہم اپنی اولاد کو حق و باطل کی پہچان، مظلوم کی حمایت، عدل کے قیام، سچائی پر استقامت اور اپنے دینی و اخلاقی اصولوں کی حفاظت کا شعور بھی دے رہے ہیں؟
کیا ہماری تربیت ایسی نسل تیار کررہی ہے جو مفادات کے مقابلے میں اصولوں کو ترجیح دے، خوف کے مقابلے میں حق کا ساتھ دے اور مشکل حالات میں اپنے عقیدے پر ثابت قدم رہے؟
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا کردار ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی اولاد کو صرف کامیاب انسان نہیں، بلکہ باکردار، صاحبِ معرفت، باوفا اور ذمہ دار انسان بنائیں۔ اگر ہمیں حضرت عباس علیہ السلام کی شجاعت و وفاداری سے محبت ہے تو ہمیں ان کی شخصیت کے پیچھے موجود معرفت، اطاعت اور تربیت کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت کو الفاظ میں محدود نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی آغوش نے ایسے فرزندوں کی پرورش کی جنہوں نے کربلا میں اپنے خون سے وفا کی تاریخ لکھی۔ ان کے چاروں فرزند شہید ہوگئے، لیکن ان کی قربانی نے آنے والی نسلوں کو یہ درس دیا کہ امامِ حق کی نصرت کے لئے جان قربان کرنا شکست نہیں، بلکہ حقیقی کامیابی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کا یہ قول اسی حقیقت کو ایک جامع تعبیر میں پیش کرتا ہے کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا مقام اس فرزند کی تربیت سے بھی نمایاں ہوتا ہے جو خود امام حسین علیہ السلام کی نصرت و حمایت کا عظیم مظہر تھا۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے صرف چار فرزندوں کی پرورش نہیں کی، بلکہ وفا کے ایسے چار چراغ روشن کئے جن کا نور رہتی دنیا تک کربلا کے پیغام کو منور کرتا رہے گا۔ ان میں حضرت عباس علیہ السلام کی شخصیت وفائے ولایت کی وہ معراج ہے جس کے سامنے تاریخِ شجاعت بھی سر جھکاتی ہے۔ سلام ہو اس عظیم ماں پر جس نے اپنے لختِ جگر امام حسین علیہ السلام پر قربان کردیے، مگر اپنے دامنِ تربیت سے وفا، ایثار اور اطاعتِ امام کی ایسی میراث چھوڑی جو ہر دور کی ماؤں اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔










آپ کا تبصرہ