تحریر: عرفان حسین انجم، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ، کراچی
حوزہ نیوز ایجنسی | موجودہ دور سائنسی، صنعتی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں غیر معمولی ترقی کا دور ہے۔ انسان نے چاند تک رسائی حاصل کرلی ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں، لیکن اس مادی ترقی کے باوجود اخلاقی اور روحانی میدان میں انسانی معاشرہ متعدد چیلنجز سے دوچار ہے۔بالخصوص خواتین کو آزادی، ترقی اور حقوق کے نام پر مختلف فکری و تہذیبی رجحانات سے متاثر کیا جا رہا ہے۔
مقدمہ
آج مغربی تہذیب کے بعض ایسے تصورات اور طرزِ زندگی کو خواتین کے لیے ترقی اور آزادی کا معیار بنا کر پیش کیا جاتا ہے جو اسلامی تعلیمات اور اخلاقی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے۔ کبھی ذرائع ابلاغ اور ٹی وی پروگراموں کے ذریعے اور کبھی ’’میرا جسم، میری مرضی‘‘ جیسے نعروں کے ذریعہ خواتین کے ذہنوں میں ایسے تصورات راسخ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو ان کی دینی، اخلاقی اور خاندانی ذمہ داریوں کو پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔
ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے سامنے ایک ایسا جامع اور کامل نمونۂ حیات پیش کیا جائے جس کی پیروی کرتے ہوئے وہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی بھی حاصل کرسکیں اور اپنی اخلاقی، روحانی اور دینی تربیت کو بھی برقرار رکھ سکیں، تاکہ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی اور سعادت سے ہم کنار ہوسکیں۔
اس سلسلے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمارے لیے ایک بہترین رہنما اور کامل اسوہ ہے۔ آپ کی زندگی میں عفت و حیا، حق گوئی، دینی ذمہ داری، اولاد کی تربیت، قناعت اور سادگی جیسے وہ تمام اوصاف نمایاں ہیں جن کی آج کے معاشرے کو اشد ضرورت ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں اسوۂ فاطمیؑ کے چند اہم پہلوؤں کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مختصر تعارف
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آغوشِ تربیت میں پرورش پائی اور حضرت خدیجہ کبریٰ سلام اللہ علیہا جیسی عظیم خاتون کی گود میں اپنی زندگی کا آغاز کیا۔ آپ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی شریکۂ حیات اور حسنین کریمین علیہما السلام سمیت اہلِ بیتِ اطہار کی تربیت گاہ تھیں۔ آپ وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں جنہیں قرآن کریم میں سورۂ کوثر کے ذریعے عطا ہونے والی خیرِ کثیر کا مصداق قرار دیا جاتا ہے۔
آپ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت مکہ مکرمہ میں بعثتِ نبوی کے پانچویں سال، 20 جمادی الثانی کو ہوئی۔ آپ سلام اللہ علیہا کی عمر مبارک تقریباً اٹھارہ سال تھی اور آپ سلام اللہ علیہا کی شہادت 3 جمادی الثانی کو واقع ہوئی۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا وہ عظیم خاتون ہیں جنہوں نے اپنی مختصر عمر میں ایسا بلند مقام حاصل کیا جو عالمِ انسانیت کی خواتین کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔ آپ سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت کے مختلف اسباب اور پہلو ہیں، تاہم اس مضمون کے موضوع کی مناسبت سے یہاں آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت کے چند اہم نمونے پیش کیے جاتے ہیں۔
1۔ عفت و حیا کا روشن نمونہ
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پوری زندگی عفت و حیا، پاکیزگی اور حجاب کا ایک روشن نمونہ ہے۔ آپ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ عورت کا حقیقی وقار اس کی شخصیت، کردار، پاک دامنی اور حیا میں پوشیدہ ہے۔
آج جب ہم اپنے معاشرے کا جائزہ لیتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ بعض خواتین، جو خود کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پیروکار اور محب قرار دیتی ہیں، ان کی عملی زندگی میں عفت و حیا کے تقاضے پوری طرح نمایاں نہیں ہوتے۔ بعض اوقات لباس، گفتار اور طرزِ زندگی میں ایسے رجحانات دکھائی دیتے ہیں جن کا اسوۂ فاطمیؑ سے کوئی تعلق نہیں۔ افسوس کہ بعض خواتین اپنی زندگی کے لیے سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کو نمونہ بنانے کے بجائے فلموں، ڈراموں اور مغربی تہذیب کے پیش کردہ کرداروں سے متاثر ہوتی نظر آتی ہیں۔
روایات میں ملتا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ایک نابینا شخص کے گھر میں داخل ہونے پر بھی پردے کا اہتمام فرمایا۔ یہ واقعہ آپ کی حیا اور پاکیزہ طرزِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین اپنی زندگی میں اسوۂ فاطمیؑ کو عملی طور پر اپنائیں۔ لباس، گفتگو، معاشرتی تعلقات اور سماجی سرگرمیوں میں اسلامی حدود و اقدار کا خیال رکھیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین معاشرے کی تعمیری سرگرمیوں سے کنارہ کش ہوجائیں، بلکہ وہ حیا، وقار اور دینی اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے علم، تعلیم اور معاشرتی ترقی کے میدانوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ حیا اور عفت عورت کی ترقی میں رکاوٹ نہیں، بلکہ اس کی شخصیت اور وقار کی بنیاد ہیں۔
2۔ راہِ خدا میں قیام اور حق گوئی؛ اسوۂ فاطمی (س)
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ آپ نے عفت و حیا اور پردے کے تمام تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے دینِ خدا کی حمایت اور حق کے دفاع میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا۔
یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ جو عظیم خاتون ایک نابینا شخص کے سامنے بھی حیا اور پردے کا اہتمام کرتی ہیں، وہی مسجد میں جاکر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیوں کرتی ہیں؟
اس کا جواب یہ ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی نگاہ میں حیا اور پردہ کبھی بھی دینی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی کا سبب نہیں بنے۔ جب دین و حق کے دفاع اور اسلامی اقدار کی حفاظت کا تقاضا ہوا تو آپ سلام اللہ علیہا نے بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کیا اور مسجدِ نبوی میں خطبۂ فدکیہ کے ذریعہ حقائق کو واضح کیا۔
اس واقعے سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ حیا کا مطلب خاموشی، بے عملی یا ظلم کے سامنے سر جھکا دینا نہیں ہے۔ ایک باحیا اور باوقار خاتون بھی معاشرے میں حق کی آواز بلند کرسکتی ہے، ظلم و ناانصافی کے خلاف اپنا مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے اور دینی و اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرسکتی ہے۔
موجودہ دور میں بھی خواتین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں اور معاشرے میں حق و باطل کی پہچان پیدا کریں، دینی شعور کو فروغ دیں اور اپنی اولاد کو حق کی حمایت اور باطل کے مقابلے میں استقامت کا درس دیں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ جب دین اور حق کو ہماری حمایت اور دفاع کی ضرورت ہو تو خاموشی اختیار کرنا درست نہیں۔ خواتین کو بھی چاہیے کہ وہ علم، شعور، بصیرت اور حکمت کے ساتھ معاشرے کی اصلاح اور حق کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔
3۔ اولاد کی بہترین تربیت
آج معاشرے میں والدین کی ایک عام شکایت یہ ہے کہ ان کے بچے ان کی بات نہیں مانتے، ان کی عادات و اطوار میں بگاڑ پیدا ہوتا جا رہا ہے اور وہ دینی و اخلاقی اقدار سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔
اس صورتِ حال کے متعدد اسباب ہیں، جن میں والدین کی عدم توجہی اور سوشل میڈیا و موبائل فون کا غیر ضروری استعمال بھی شامل ہیں۔ بعض اوقات والدین خود بھی سوشل میڈیا میں اس قدر مصروف رہتے ہیں کہ انہیں اپنی اولاد کی سرگرمیوں، دوستوں، دلچسپیوں اور فکری رجحانات پر توجہ دینے کا موقع نہیں ملتا۔
اگر ہم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے اپنی اولاد کی ایسی تربیت فرمائی کہ آپ کے فرزندان نے اسلام کی بقا، حق کے دفاع اور دین کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں۔
حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی شخصیت اور کردار بھی اسی تربیت کا ایک عظیم مظہر ہے۔ واقعۂ کربلا کے بعد دربارِ ابنِ زیاد اور دربارِ یزید میں آپ کے خطبات نے حق و حقیقت کو اس جرأت اور بصیرت کے ساتھ بیان کیا کہ دشمن کے ایوانوں میں بھی لرزہ طاری ہوگیا۔ یہ کردار اس عظیم تربیتی مکتب کا نتیجہ تھا جس کی بنیاد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے رکھی تھی۔
آج ہماری ماؤں اور بہنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت کو اولین ترجیح دیں۔ بچوں کی سرگرمیوں، ان کے دوستوں، ان کے فکری رجحانات اور سوشل میڈیا کے استعمال پر مناسب توجہ دیں۔ انہیں قرآن کریم، دینی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت سے آشنا کریں۔
خصوصاً امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی معرفت اور آپ کی نصرت کے جذبے کو بچوں کی تربیت کا حصہ بنائیں، تاکہ ہماری نسل علم، ایمان، بصیرت اور کردار کے اعتبار سے اس قابل بن سکے کہ وہ اپنے امام کے حقیقی منتظر اور مددگار ثابت ہوں۔ یہی وہ عظیم درس ہے جو ہمیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ تربیتی سے حاصل ہوتا ہے۔
4۔ قناعت اور سادگی
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا ایک نمایاں پہلو قناعت، سادگی اور دنیاوی آسائشوں سے بے رغبتی ہے۔
آج ہمارے معاشرے میں بعض اوقات یہ صورتِ حال دیکھنے میں آتی ہے کہ خواتین اپنے شوہروں کی مالی استطاعت سے بڑھ کر فرمائشیں کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں شوہروں کو غیر ضروری مالی دباؤ اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے برعکس حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں قناعت اور سادگی کا بہترین درس دیتی ہے۔
روایت میں نقل ہوا ہے کہ ایک مرتبہ آپ نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے فرمایا: يَا أَبَا الْحَسَنِ إِنِّي لَأَسْتَحْيِي مِنْ إِلَهِي أَنْ تُكَلِّفَ نَفْسَكَ مَا لَا تَقْدِرُ عَلَيْهِ۔ ترجمہ: اے ابوالحسن! مجھے اپنے پروردگار سے حیا آتی ہے کہ میں آپ کو ایسی چیز کا پابند بناؤں جس کی آپ استطاعت نہیں رکھتے۔
یہ روایت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی قناعت، احساسِ ذمہ داری اور اپنے شریکِ حیات کی مالی حالت کا خیال رکھنے کی بہترین مثال ہے۔
آپ سلام اللہ علیہا کی سادہ زندگی کا ایک اور نمونہ یہ ہے کہ روایات کے مطابق آپ گھر کے معمولی اور محدود وسائل میں زندگی گزارتی تھیں۔ حتیٰ کہ ایک روایت میں بھیڑ کی کھال کے بارے میں ذکر ملتا ہے کہ دن کے وقت اس پر اونٹ کو چارہ دیا جاتا اور رات کے وقت اسی کو بستر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
یہ طرزِ زندگی ہمیں سکھاتا ہے کہ انسان کی حقیقی عظمت اور کامیابی کا معیار دنیاوی آسائشیں اور ظاہری شان و شوکت نہیں، بلکہ ایمان، اخلاق، قناعت اور رضائے الٰہی ہے۔ لہٰذا خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں سادگی اور قناعت کو اختیار کریں، اپنے شوہروں کی مالی استطاعت کا خیال رکھیں اور غیر ضروری اخراجات و مطالبات سے اجتناب کریں۔ اس طرح خاندان میں محبت، سکون اور باہمی تعاون کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔
نتیجہ
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ آج کی خواتین کے لیے ایک جامع اور کامل نمونۂ حیات ہے۔ موجودہ دور کے فکری، اخلاقی اور معاشرتی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے آپ کی سیرت میں ہمارے لیے بہترین رہنمائی موجود ہے۔
آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں عفت و حیا، پاکیزگی اور حجاب کا درس دیتی ہے۔ آپ کا کردار یہ سکھاتا ہے کہ ایک خاتون اپنی عزت و وقار اور دینی حدود کو برقرار رکھتے ہوئے حق کے دفاع اور معاشرتی اصلاح میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ آپ کی سیرتِ تربیتی ہمیں اولاد کی ایسی پرورش کا درس دیتی ہے جس کے نتیجے میں نسلیں دین و حق کی سربلندی کے لیے تیار ہوتی ہیں۔ اسی طرح آپ کی سادہ زندگی اور قناعت ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ حقیقی سعادت مادی آسائشوں میں نہیں، بلکہ رضائے الٰہی، ایمان اور اخلاقی بلندی میں ہے۔
لہٰذا آج کی خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا مطالعہ کریں، آپ کی زندگی کے ان روشن پہلوؤں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنی نسلوں کی تربیت اس انداز سے کریں کہ وہ دینی، اخلاقی اور فکری اعتبار سے مضبوط ہوں۔
بلاشبہ، اسوۂ فاطمیؑ کی عملی پیروی ہی خواتین کو عصری چیلنجز کا سامنا کرنے اور دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی حاصل کرنے کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرسکتی ہے۔
حوالہ جات:
1.سیرتِ معصومین علیہم السلام، آیت اللہ شیخ وحید خراسانی، مترجم: ڈاکٹر سید تلمیذ حسین رضوی، ناشر: نشر دانش ریسرچ اکیڈمی۔
2.اقدارِ فاطمیہ،سید جواد نقوی، ناشر: مرکز تحقیقات اسلامی بعثت۔
3.بحارالانوار، طبع بیروت، جلد 43، صفحہ 59۔










آپ کا تبصرہ