حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یومِ شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا: دختر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار اور اسوہ رہتی دنیا تک خواتین عالم کیلئے مینارہ نور ہے۔ انہوں نے علم و کمال، اعلی تہذیب و اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے کو بنیادیں فراہم کیں۔
انہوں نے مزید کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اپنی ہدایت اور رہنمائی کے مطابق خواتین عالم کے لئے ماں، بیوی اور بیٹی ہر زاویہ نگاہ سے بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔ بیٹی کی حیثیت سے رحمت العالمین جیسی ہستی کے لئے باعث رحمت قرار پائیں۔ ازدواج کے بعد بیوی اور ماں کی حیثیت سے جس نظام زندگی کا نمونہ پیش کیا وہ طبقہ نسواں کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا اپنے گھر کے تمام کام اپنے ہاتھ سے کرتیں۔ جھاڑو دینا، کھانا پکانا، چرخہ کاتنا، چکی پیسنا، بچوں کی تربیت کرنا کنیزسے برابری اور دوست جیسا سلوک کرنا ان کا وطیرہ تھا۔
انہوں نے کہا: موجودہ سنگین دور میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان نقوش کی روشنی میں جدوجہد کرے جو جناب سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا نے چھوڑے ہیں کیونکہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی پرورش آغوش رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہوئی۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی و ذاتی معاملات سے اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو مدنظر رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی گود سے ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو دنیا میں اصلاح لانے کی استعداد رکھتی ہوں۔









آپ کا تبصرہ