جمعہ 12 دسمبر 2025 - 15:19
حضرت فاطمہ زہرا (س) کی اجتماعی، اخلاقی اور انقلابی سیرت ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے، علامہ سید شہنشاہ نقوی

حوزہ / علامہ سید شہنشاہ نقوی نے کہا: آج امتِ مسلمہ بالخصوص ملتِ جعفریہ کو سیرتِ زہراء سلام اللہ علیہا کو اپنی اجتماعی اور فلاحی ترجیحات کا مرکز بنانا ہو گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے 20 جمادی الثانی دخترِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا: حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی ذات اقدس عالمِ انسانیت کیلئے کامل ترین اسوہ اور عملی قرآن کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا: آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت میں تقویٰ، عفت، ایثار، عدل، علم اور شجاعت اپنی معراج پر نظر آتے ہیں جو ہر دور میں انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا: بی بی فاطمہ سلام اللہ علیہا نے مدینہ کی اسلامی بستی میں ایک ایسے گھرانے کی بنیاد رکھی جس نے فکر، کردار، حریت اور قربانی کی ایسی روشن مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کو روشنی دیتی رہیں گی۔ آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی آج کی خواتین و مرد کے لیے بہترین نمونہ ہے اور آپ سلام اللہ علیہا کے خطبات، تعلیمات اور اجتماعی کردار امت کی اصلاح کا بنیادی چارٹر ہیں۔

انہوں نے کہا: آج امتِ مسلمہ بالخصوص ملتِ جعفریہ کو سیرتِ زہراء سلام اللہ علیہا کو اپنی اجتماعی اور فلاحی ترجیحات کا مرکز بنانا ہوگا، حضرت زہراء سلام اللہ علیہا نے ہمیشہ مظلوموں، محروم طبقات اور عدل کے قیام کیلئے آواز بلند کی، اور یہی پیغام آج ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے مزید کہا: معاشرتی بگاڑ، ناانصافی، اخلاقی زوال اور تقسیم کے اس دور میں سیرتِ فاطمیؑ ہی وہ حقیقی راستہ ہے جو اتحاد، کردار سازی اور اجتماعی اصلاح کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پوری ملت جعفریہ، پاکستان اور عالمِ اسلام کو یومِ ولادتِ باسعادتِ سیدۃ نساء العالمین سلام اللہ علیہا کی مبارکباد پیش کی۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ملتِ جعفریہ کو استقامت عطا کرے اور ہمیں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت پر عمل کی توفیق بخشے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha