ہفتہ 13 دسمبر 2025 - 19:25
حضرت فاطمہ الزہراء (س) کی حیاتِ طیبہ اسلامی معاشرے کیلیے صبر، قربانی اور حق گوئی کا کامل نمونہ: علامہ اقبال بہشتی

حوزہ / مجلسِ علمائے مکتبِ اہلِ بیتؑ پاکستان کے زیرِ اہتمام جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے حضرت صدیقہ الکبریٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے مکتبِ اہلِ بیتؑ پاکستان کے زیرِ اہتمام جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے حضرت صدیقہ الکبریٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے علامہ اقبال بہشتی، علامہ اصغر عسکری، علامہ شیخ احمد علی نوری، علامہ عیسیٰ امینی اور دیگر جید علمائے کرام نے خطاب کیا۔

کانفرنس میں ضلع اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علماء، ذاکرین اور اہلِ فکر کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سیرتِ سیدۂ کائناتؑ پر روشنی ڈالی۔

نائب صدر مجلسِ علمائے مکتبِ اہلبیت پاکستان علامہ اقبال بہشتی نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عظیم القابات اور روحانی مقام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ معیارِ صداقت، محورِ غیرت، معصومہ، مخدومہ، ام الائمہ، امِ ابیہا، شہزادیٔ کونین، صدیقۂ طاہرہ، سکونِ قلبِ مصطفیٰ ﷺ، جزءِ رسالت، مادرِ ائمہ، راضیہ، مرضیہ اور محدثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہؑ کی حیاتِ طیبہ اسلامی معاشرے کے لیے کردار، صبر، قربانی، حق گوئی اور دفاعِ ولایت کا کامل نمونہ ہے۔

علامہ شیخ احمد علی نوری نے اپنے خطاب میں حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مقاومت اور تحفظِ ولایت کے کردار پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے رسولِ اکرم ﷺ کے وصال کے بعد نہایت جرأت، بصیرت اور استقامت کے ساتھ حقِ ولایت کا دفاع فرمایا۔ سیدہؑ نے ہر مرحلے پر حق و صداقت کا علم بلند رکھا اور امت کو یہ پیغام دیا کہ ولایتِ علیؑ کا تحفظ دراصل رسالت کے تسلسل اور اسلامی اقدار کے بقا کا ضامن ہے۔ علما نے کہا کہ جناب سیدہؑ کی یہ مزاحمتی جدوجہد تاریخِ اسلام میں حق کے لیے ڈٹ جانے کی ایک روشن مثال ہے، جو آج بھی مظلوم اقوام اور اہلِ حق کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

جنرل سیکرٹری مجلسِ علمائے مکتبِ اہلیت علامہ اصغر عسکری نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں اخلاقی اقدار، دینی شعور اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجلس علما مکتبِ اہلِ بیتؑ پاکستان آئندہ بھی ایسی فکری و دینی کانفرنسوں کے ذریعے سیرتِ اہلِ بیتؑ کو عام کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha