حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رابطہ سیکریٹری حجت الاسلام ڈاکٹر سید محمد نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر میں خطبۂ جمعہ میں ولادتِ حضرت زہراء سلام الله علیہا کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جنت سلام الله علیہا کا یومِ ولادت عید کا دن ہے کہ اس دن الله تعالیٰ نے پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو فاطمہ الزہرا ؑ کی شکل میں بیٹی عطا فرمائی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجة الکبری ٰ سلام الله علیہا کی وفات کے بعد سب سے زیادہ جس خاتون نے خاتون جنت کا خیال رکھا وہ حضرت فاطمہ بنت اسد ہیں، البتہ ان کے علاوہ بھی چند خواتین کا تذکرہ ملتا ہے۔ روایات کے مطابق جناب فاطمة الزہرا سلام الله علیہا کی عمر 18 برس کے لگ بھگ ہے، اپنے اس عرصہ حیات میں پاک بی بی نے ایک مکمل زندگی گزاری، جو نمونۂ عمل قرار پائی، چاہے وہ بیٹی کی صورت میں ہو، بیوی یا ماں کی صورت میں۔ رسول خدا فرماتے ہیں: اے عائشہ! جب مجھے جنت کی خوشبو سونگھنا ہوتا ہے تو اپنی بیٹی زہراؑ کے ہاتھ چوم لیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سردار الانبیاء تک بات پہنچانے کے لیے بہترین توسل ذات گرامی فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ کے حوالے سے استاد العلماء علامہ محمد یار نجفی مرحوم فرماتے ہیں کہ وہ شخص کہ جس کے مکمل اعضاء و جوارح پر اہل بیت اطہارؑ کی مرضی چلے تو وہ شیعہ ہے، اگر محمد و آل محمد علیہم السّلام کی مرضی کے مطابق زندگی گزاریں گے تو شیعہ اہل بیت کہلائیں گے۔
ڈاکٹر سید محمد نجفی نے کہا کہ بی بی زہراء فرماتی ہیں کہ ہماری محبت کے سانچے میں زندگی گزاریں گے تو پھر آپ ہمارے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آیت مباہلہ، آیت تطہیر وہ آیات ہیں جنہیں خاص طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ شان بی بی زہرا ؑ میں نازل ہوئی ہیں۔









آپ کا تبصرہ