حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کی اعلی کونسل کے سیکریٹری آیت اللہ محمد مہدی شب زندہ دار نے مرکزِ مدیریت حوزہ علمیہ اصفہان کے عملے سے خطاب کے دوران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی اور اہل بیت علیہم السلام کے فضائل کی معرفت اور ان پر توجہ کی اہمیت پر تاکید کی۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیات بالخصوص سورۂ کوثر، آیتِ تطہیر اور آیتِ مودّت کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام کے مقام و مرتبہ کو بے حد و حصر قرار دیا اور کہا: رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ان کے ساتھ طرزِ عمل اور کامل احترام اس عظیم شخصیت کی قدر و منزلت کا مظہر ہے۔ ان کی رضا خدا کی رضا ہے اور ان کی ناراضگی غضبِ الٰہی کا سبب بنتی ہے۔
حوزہ علمیہ کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا: حضرت صدیقہ طاہرہ علیہا السلام کا معنوی مقام اس قدر بلند ہے کہ جبرئیل امین حکمِ الٰہی سے ان پر نازل ہوتے ہیں اور یہ کسی انسان کے لیے وحی سے براہِ راست ارتباط کا اعلی ترین مرتبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت صدیقہ طاہرہ علیہا السلام سے محبت اور مودّت صرف رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اجر نہیں بلکہ انسان کی معنوی ارتقاء اور خدا کے قرب کا ذریعہ ہے۔ اسی بنا پر آیتِ مودّت اور آیاتِ تطہیر اور مباہلہ ان کے مقامِ رسالت اور امت کی ہدایت میں عظمت کی نشانیاں ہیں۔









آپ کا تبصرہ