حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت ولی عصر (عج) تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ کے سرپرست استاد سید محمد حسینی قزوینی نے مدرسہ علمیہ حضرت ولی عصر (عج) پردیسان قم میں منعقدہ فاطمیہ پژوهی کے تخصصی کورس اور علمی نشست میں گفتگو کے دوران حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے عقد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: چالیس سے زائد روایات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بہت سے افراد حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی خواستگاری کے لیے آئے مگر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «فاطمہ سلام اللہ علیہا کا معاملۂ ازدواج اللہ کے ہاتھ میں ہے»۔
انہوں نے مزید کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے منبر پر اعلان فرمایا کہ اللہ کے حکم سے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور امام علی علیہ السلام کا عقد عرش میں منعقد ہوا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «ما زوجتُها ولکنّ الله زوّجها فوقَ عرشِه» یعنی "میں نے انہیں نہیں بیاہا بلکہ اللہ نے اپنے عرش پر ان کا نکاح کیا"۔ یہ روایت اہل سنت کی کتب میں بھی منقول ہے۔

استاد حسینی قزوینی نے کہا: ظاہر ہے کہ اہل سنت کے منابع و مصادر تو شیعہ تاریخ نویسی کا مرجع نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہم تاریخِ اسلام کی تدوین کے لیے اہل سنت کی کتابوں پر تکیہ نہیں کرتے بلکہ اپنے مذہب کی حقانیت ثابت کرنے کے لیے ان مصادر سے استدلال کرتے ہیں۔
استاد حسینی قزوینی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: مرحوم کلینی نے سند صحیح کے ساتھ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے روایت نقل کی ہے کہ امام علیہ السلام نے فرمایا: «اِنَّ فاطِمَةَ صِدِّیقَةٌ شَهِیدَةٌ»۔ کیا اس سے زیادہ واضح تعبیر شہادتِ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا پر موجود ہو سکتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا: دیگر روایات و مستندات بھی اسی مضمون کو بیان کرتی ہیں۔ علامہ مجلسی نے مرآة العقول میں تصریح کی ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت ان روایات سے ثابت ہے۔ مرحوم آیت اللہ خویی اور مرحوم آیت اللہ حاج شیخ جواد تبریزی دونوں بزرگ علما نے معتبر سند کے ساتھ امام کاظم علیہ السلام سے نقل کیا ہے کہ حضرت فاطمہ «مظلومة الشهیده» ہیں۔
اس استاد حوزہ علمیہ نے کہا: غیر شیعہ کتب میں بھی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت پر بے شمار احادیث موجود ہیں جن میں صحیح بخاری جلد 4 صفحہ 209 حدیث 3711 شامل ہے جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «فاطمة سیدة نساء اهل الجنة» یعنی فاطمہ جنتی عورتوں کی سردار ہیں۔
حضرت ولی عصر (عج) تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ کے سرپرست نے مزید کہا: صحیح بخاری جلد 4 صفحہ 210 حدیث 3714 میں بھی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان درج ہے: «فمن أغضبها فقد أغضبني» یعنی جو فاطمہ (س) کو رنج پہنچائے گا گویا اس نے مجھے رنج پہنچایا۔









آپ کا تبصرہ