۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
جشن ولادت حضرت زهرا در حرم حضرت معصومه

حوزہ/ حوزہ علمیہ کے استاد نے کہا: اگر ہم شب قدر کو درک کر لیں تو خدا کی جانب جانے میں ہماری رفتار زیادہ ہوجاتی ہے۔ اسی طرح اگر کوئی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے توسل کرے تو اس کا خدا سے فاصلہ کم ہو جاتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد مہدی میر باقری نے حرم کریمہ اہل بیت سلام اللہ علیہا میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم ایسے حرم میں موجود ہیں جو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے حرم کی طرح ہے۔ اُس حرم کی برکتیں اس حرم میں نازل ہوتی ہیں۔ ہمیں اس حرم کی قدردانی کرنی چاہیے۔ روایات میں آیا ہے کہ بہشت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ اس حرم سے کھلے گا۔

انہوں نے شب قدر کے شانِ نزول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خواب میں دیکھا کہ بنی امیہ کے افراد آپ کے منبر پر چڑھ رہے ہیں اور لوگوں کو صراط مستقیم سے دور کرکے دنیا کی طرف لے جا رہے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب بیدار ہوئے تو اس سچے خواب کی وجہ سے پریشان ہوگئے اور اس خواب سے حضرت جبرائیل علیہ السلام کو آگاہ کیا۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام وہاں سے گئے اور جب واپس آئے تو کچھ آیات کے ہمراہ آئے۔ انہی آیات میں سے ایک سورۂ قدر تھی کہ خداوند متعال نے فرمایا "ہم نے آپ کو شب قدر عطا کی ہے کہ اگر آپ کی امت اس شب قدر کے ہمراہ ہوگی تو یہ فتنے اس پر کوئی اثر نہیں کریں گے"۔

انہوں نے کہا: امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا "لیلۃ القدر میں لیلۃ سے مراد "فاطمہ" اور "قدر" سے مراد "اللہ" کی ذات ہے" یعنی اگر کسی نے شب قدر کو درک کیا تو اسے معلوم ہو جائے گا سب کچھ حضرت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا، ان کے فرزندان اور امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ہاتھ میں ہے اور جو شخص حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے تمسک کرے گا وہ سخت فتنوں سے بھی عبور کر لے گا۔

انہوں نے مزید کہا: فاطمہ کا معنی "جدا کرنے والی" ہے۔ روایات میں آیا ہے کہ لوگ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی معرفت اور شناخت سے عاجز ہیں۔

حجۃ الاسلام میرباقری نے کہا: اگر کوئی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا سے جدا ہو گیا تو وہ اپنے زمانہ کے امام اور اپنی کتاب سے بھی جدا ہو جائے گا۔

انہوں نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا (قم) کے حرم کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی تمام جلالت حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کو عطا کردی ہے تو جو افراد حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی زیارت کرنا چاہتے ہیں انہیں حضرت معصومۂ قم سلام اللہ علیہا کی زیارت کرنی چاہیے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .