حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حرم حضرت معصومہ (س) کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے حرم مطہر میں خطاب کے دوران تمام علماء اسلام کی جانب سے محمد و آلِ محمد (ص) پر درود و صلوات بھیجنے کی تاکید اور نصیحت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ "جو شخص عمر بھر نبی اکرم (ص) پر درود بھیجتا ہے تو رسول اللہ (ص) پر بھی ان گنہگاروں کی شفاعت واجب ہو جاتی ہے جو شب و روز آپ (ص) پر درود بھیجتے ہیں"۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ایک روایت کی بنا پر "بہترین مرد وہ ہیں جو سب سے زیادہ اپنی عورتوں کی عزت کرتے ہیں خواہ وہ ماں ہو، بیوی، بیٹی یا بہن، کیونکہ خدا ان کو عزیز رکھتا ہے اور وہ زمین پر رحمتِ الہی کا مظہر ہیں"۔
حرم حضرت معصومہ (س) کے خطیب نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ ولادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور ان کا طرز زندگی تمام دنیا جہان کے انسانوں کے لئے نمونۂ عمل ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ائمہ اطہار علیہم السلام کے لیے بھی بہترین نمونہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اس سوال کے جواب میں کہ خدا اور پیغمبر (ص) کی نظر میں مردوں کی برتری اور بہتری کا معیار کیا ہے؟ فرماتی ہیں "خِیارِکُم ألیَنُکُم مَناکِبَهُ و أکرَمُهُم لِنِسائِهِم"، یعنی "تم میں سے بہترین وہ ہیں جو لوگوں کے ساتھ نرمی سے پیش آتے ہیں اور اپنی بیویوں کا بہت زیادہ عزت و احترام کرتے ہیں"۔