حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،خطیب حرم حضرت معصومہ قم (س) حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام علی علیہ السلام سخاوت، عزت اور شرافت کے مظہر ہیں، سخاوت امیر المومنین علیہ السلام اور اہل بیت علیہم السلام کے حقیقی محب کی پہچان ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے صدقہ کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: صدقہ دینا ان اعلیٰ ترین اعمال میں سے ایک ہے جو انسان کو ترقی اور بلندی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔
انہوں نے سورہ منافقون کی آیت نمبر 10 کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: " لَوْلَا أَخَّرْتَنِی إِلَی أَجَلٍ قَرِیبٍ فَأَصَّدَّقَ وَأَکُنْ مِنَ الصَّالِحِینَ" (میرے معبود! کاش مجھے اتنی مہلت دیتا کہ میں صدقہ دے سکتا تو میں صالحین میں سے ہو جاتا) احسان، صدقہ اور خیرات آفات و مصیبت کو گھروں سے دور رکھتا ہے، اگر کوئی مہمان کے قدموں کی آہٹ سنے اور یہ سوچ کر خوش ہو جائے کہ خدا کی جانب سے تحفہ آگیا ہے، تو چاہے اس کے گناہ سات آسمانوں کے برابر ہی کیوں نہ ہو، خدا اس کے گناہوں کو معاف کر دے گا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے بیان کیا کہ مہمان کے آنے سے بے پناہ رزق و روزی میں اضافہ ہوتا ہے اور آفات، بیماریوں اور موذی جانوروں سے گھر محفوظ رہتا ہے، اسی طرح سخاوت انسان کو تمام بلاؤں سے بچاتی ہے، خواہ وہ شخص کافر ہی کیوں نہ ہو اور گناہ میں غرق ہی کیوں نہ ہو، خدا اس کی مدد کرتا ہے، اس کےخلاف دوسری جانب اگر کوئی کنجوس اربوں سال بھی نماز پڑھے تو اس کا ٹھکانہ جہنم ہی ہوگا۔