بدھ 12 نومبر 2025 - 07:00
حضرت زہرا (س) کی رضا اور غضب کی نسبت خداوند عالم سے ہونا ان کے مقام کی عظمت کا ثبوت ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اگر تمام حسن و جمال اور کمال کو ایک شخصیت میں جمع کر دیا جائے تو وہ فاطمہ ہوگی؛ بلکہ فاطمہ حسن و جمال سے بھی بالاتر ہے چونکہ وہ تمام خوبیوں کا سرچشمہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اگر ہم چاہتے ہیں کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی شفاعت ہمیں نصیب ہو تو ہمیں اپنی زندگی اور اعمال کو ایسا بنانا چاہئے کہ جن سے ان کی خوشنودی حاصل ہو۔

انہوں نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو تمام خواتین عالم میں بے مثال اور بے نظیر قرار دیتے ہوئے کہا: اگرچہ بی بی سلام اللہ علیہا ایک نبی یا امام نہیں ہیں لیکن علم، تقویٰ، عصمت، شجاعت اور طہارت کے وہ تمام کمالات جو ایک معصوم میں ہوتے ہیں، آپ کی ذات میں جلوہ گر ہیں۔

انہوں نے قرآن کریم اور احادیث میں وارد فضائلِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تمام حسن و جمال اور کمال کو ایک شخصیت میں جمع کر دیا جائے تو وہ فاطمہ ہو گی بلکہ فاطمہ حسن و جمال سے بھی بالاتر ہے چونکہ وہ تمام خوبیوں کا سرچشمہ ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین فرحزاد نے علمائے بزرگ شیعہ جیسے حضرت آیت اللہ صافی گلپایگانی، آیت اللہ بہاء الدینی، آیت اللہ فاضل لنکرانی اور دیگر مراجع کے اقوال نقل کرتے ہوئے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا اور غضب کی نسبت خداوند عالم کے رضا و غضب سے ہے اور یہی آپ کے مقام کی عظمت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ایام فاطمیہ میں بھی اسی طرح سرگرم رہنا چاہیے جس طرح ایامِ غدیر میں فعالیت دیکھی گئی تھی اور ہر مؤمن کو اپنے نفس سے سوال کرنا چاہیے کہ: ’’میں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے لیے کیا کیا ہے؟‘‘۔

حجت الاسلام فرحزاد نے کہا: نذر و اطعام، پرچم آویزاں کرنا، مجلس و عزاداری کا اہتمام، موکب اور سبیلیں لگانا، جلوسوں میں شرکت وغیرہ، یہ سب شفاعت کے راستے اور حضرت کی رضا کا سبب ہیں۔ جو شخص حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے لیے قدم اٹھاتا ہے، اللہ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ معصومین علیہم السلام اس سے راضی ہوتے ہیں۔

انہوں نے آخر میں حدیث کساء کی عظمت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: آیت اللہ بہجت فرماتے تھے کہ حدیث کساء کے جملے معجزہ ہیں۔ اگر کوئی شخص تنہا بھی اس حدیث کو پڑھے تو ملائکہ حاضر ہوتے ہیں اور اس کی حاجات پوری کی جاتی ہیں۔ حدیث کساء قربِ الٰہی اور مشکلات کے حل کا بہترین وسیلہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha