حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام عسگر امامی نے ایران کے شہر ارومیہ میں مدرسہ علمیہ تخصصی الزہرا (س) کے طلاب کے لئے منعقدہ بصیرتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے سیرہ حضرت زہرا علیہا السلام کو کامل نمونہ قرار دیا اور کہا: بی بی دو عالم سلام اللہ علیہا نے بروقت اقدام اور شرعی ذمہ داری کی انجام دہی کے ذریعہ دفاعِ ولایت میں عظیم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا: حضرت زہرا علیہا السلام کا اس وقت سب سے مؤثر ہتھیار گریہ اور دعوتِ ولایت تھا۔ یہ گریہ بصیرت کے ساتھ، امیرالمومنین علیہ السلام کی مظلومیت اور ولایت کے تحفظ کے لئے تھا۔ وہ انحرافات کو دیکھ رہی تھیں لیکن اس نازک دور میں ان کے پاس یہی دو عملی ہتھیار موجود تھے۔
حجت الاسلام عسگر امامی نے معاشرتی بے حسی کے نتائج پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا: حضرت زہرا علیہا السلام کے زمانے میں بھی لوگ بے توجہی کے مریض تھے، سننے والے کان موجود نہیں تھے۔ اگر کوئی قوم اس بیماری میں گرفتار ہو جائے تو بدترین اور بدبخت ترین قوم بن جاتی ہے۔
انہوں نے حقیقی فداکاری کی بنیاد یقین کو قرار دیتے ہوئے کہا: جب انسان کے اعتقادات یقین کی منزل تک پہنچ جائیں تو وہ ہر چیز حتیٰ کہ اپنی جان تک قربان کر سکتا ہے۔ ہمارے گناہوں کا اصل سبب یہی ہے کہ ہمارا ایمان یقین کی اس سطح تک نہیں پہنچا۔ ہمیں یہ باور کرنا چاہیے کہ ہر لمحہ خدا کے حضور میں ہیں۔









آپ کا تبصرہ