منگل 11 نومبر 2025 - 13:32
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا مظهر نورِ الٰہی اور خدمتِ خلق کا کامل نمونہ ہیں: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ سربراہِ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف عبادت و معرفت کی اعلیٰ مثال ہیں بلکہ خدمتِ خلق، عدل اور سماجی تربیت کا کامل نمونہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی و شہری منتظمین اپنی خدمات کو سیدہ کی سیرت سے ہم آہنگ کریں تو ہمارے شہر نور، معنویت اور عدالت کے مراکز میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے ایران کے تمام صوبائی میئرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی عبادت، ایثار اور خدمت کا حسین امتزاج ہے۔ آپ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ صادقانہ خدمت، جب نیت الٰہی سے سرشار ہو، تو وہ عبادت کے ہم پلہ بن جاتی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حوزہ علمیہ کی فکری و اخلاقی بنیاد میں "عبادت اور خدمت" ایک دوسرے سے جدا نہیں۔ جو شخص خلوص نیت سے خلقِ خدا کی خدمت کرتا ہے، وہ درحقیقت عبادت کے عروج پر ہے۔ یہی وہ نظریہ ہے جو سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ سے اخذ ہوتا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے ایامِ فاطمیہ کی معنویت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "ہم ان ایامِ عزا میں اس عظیم خاتونِ جنت کو یاد کر رہے ہیں جن کی سیرت تمام انسانیت کے لیے رہنما ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے نہ صرف عبادت و دعا میں سبقت حاصل کی بلکہ سماجی عدل، خاندانی تربیت اور مظلوموں کے دفاع میں بھی بے مثال کردار ادا کیا۔"

انہوں نے قرآن و احادیث کے حوالے سے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ متعدد معتبر روایات میں آیا ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو فاطمہ کے نور سے روشن کیا اور فرشتوں کو ان کے نور سے پیدا کیا۔"

یہ روایت اس بات کی دلیل ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا مظهرِ نورِ الٰہی ہیں اور ان کا وجود عالمِ ہستی کے فیض و برکت کا سرچشمہ ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے وضاحت کی کہ اسلامی فلسفہ کے مطابق، کائنات مختلف مراتبِ وجود پر مشتمل ہے۔ ہم جو کچھ دیکھتے ہیں وہ صرف عالمِ مادہ ہے، مگر اس کے پیچھے عالمِ ملکوت اور عالمِ نور موجود ہے، جہاں ہر چیز نورِ الٰہی سے منور ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا وجود جلوہ گر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شناختِ مقامِ فاطمہ ایک نظریاتی و فکری ضرورت ہے جو ہمیں عبادت، خدمت، اور زندگی کے حقیقی مفہوم سے جوڑتی ہے۔ اگر ہم حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اخلاق و کردار کو اجتماعی نظم و نسق میں نمونہ بنائیں، تو ہمارے شہر نورانیت، انسانیت اور عدل کے مراکز میں تبدیل ہو جائیں گے۔"

آیت اللہ اعرافی نے اس موقع پر وزارتِ داخلہ اور ملک کے میئرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ خدمتِ خلق کو عبادت سمجھ کر انجام دینا دراصل رضائے الٰہی اور محبتِ اہل بیت علیہم السلام کا مظہر ہے۔

انہوں نے آخر میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو تمام انوارِ الٰہی کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کے نورانی راستے پر چلنا ہی نجات اور کمال کا راستہ ہے، اور یہی حوزہ علمیہ کے منشور کا بنیادی پیغام ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha