حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیبِ نماز جمعہ قم المقدسہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے آج نمازِ جمعہ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کی تمام بڑی الٰہی تحریکیں مکتبِ فاطمی کی تربیت، ہدایت اور فکری نظام پر قائم ہیں، مہاتما گاندھی جیسے رہنما نے بھی ظلم کے خلاف مزاحمت کا درس قیامِ حسینی سے لیا، اور یہ دراصل قیامِ فاطمی کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدیقۂ کبریٰؑ کی صحیح شناخت، معارفِ دینی کی بقا اور بیداری ملت کے لیے بنیاد ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے معصومین علیہم السلام کی روایات کی روشنی میں بیان کیا کہ حضرت فاطمہؑ نہ صرف تاریخی تحولات کا محور ہیں بلکہ ان کی تربیت نے قیامِ عاشورا کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق، امام حسینؑ اور حضرت زینبؑ مکتبِ فاطمی کے تربیت یافتہ تھے اور اسی تربیت نے کربلا کو جنم دیا، جس نے بعد میں آزادی کی کئی تحریکوں کو متاثر کیا۔
انہوں نے روایات کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے بلند مقام کو بیان کیا اور کہا کہ امام حسن عسکریؑ کے مطابق حضرت فاطمہؑ زہرا سلام اللہ علیہا تمام حجج الہی پر حجت خدا ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ائمہ علیہم السلام کی تمام تر رہنمائی اسی نورِ فاطمی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف نے بھی حضرت زہراؑ کو عصرِ غیبت اور عصرِ ظہور کے لیے کامل نمونہ قرار دیا ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے مکتبِ فاطمی کے دو نمایاں پہلوؤں کی وضاحت کی: پہلا درونی و معنوی طاقت جو فطرتِ الٰہی سے جڑی ہے اور شکست ناپذیر ہے، اور دوسرا مہر و عطوفت جو حضرت فاطمہؑ کی عملی سیرت میں نمایاں ہے اور معاشرے کی اخلاقی بنیادوں کو تشکیل دیتا ہے۔









آپ کا تبصرہ