جمعرات 5 دسمبر 2024 - 01:18
عزائے فاطمی، یعنی غدیر و عاشورا اور ظالموں کے خلاف احتجاج و فریاد

حوزہ/عزائے فاطمی ایک تاریخ ہے، ایک خاص محور و عظمت ہے، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا خطبہ فدک ایک معجزہ ہے۔ عزائے فاطمی، یعنی ظالموں کے خلاف صدائے احتجاج ہے۔

ترجمہ : مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی| عزائے فاطمی ایک تاریخ ہے، ایک خاص محور و عظمت ہے، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا خطبہ فدک ایک معجزہ ہے۔ عزائے فاطمی، یعنی ظالموں کے خلاف صدائے احتجاج ہے۔

اہل بیت علیہم السلام کی عظمت و فضیلت خصوصاً حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلہ میں کیا کہا جائے اور کہاں سے بات شروع کی جائے؟

جان لیں کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے اہل بیت علیہم السلام سے ہے۔ ان سے ہٹ کر، ان کے علاوہ سے کوئی کچھ کہے تو اس کا کوئی سلسلہ اور حوالہ نہیں لہذا اس پر کوئی بھروسہ نہیں۔

ہر چیز مکتب اہل بیت علیہم السلام میں موجود ہے جیسا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "اني تارك فيكم الثقلين كتاب الله و عترتي" یعنی جو بھی لینا ہو اہل بیت علیہم السلام سے لو ان کے علاوہ سے نہ لو۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میرے اہل بیت سے نہ اگے بڑھو اور نہ پیچھے ہٹو۔ اگر آگے بڑھو گے تو گمراہ ہو جاؤ گے پیچھے ہٹو گے تو ہلاک ہو جاؤ گے۔

حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی خاص عظمت و مرکزیت

اہل بیت علیہم السلام میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ایک خاص مقام و عظمت اور مرکزیت حاصل ہے کہ جس پر تمام ائمہ معصومین علیہم السلام نے افتخار فرمایا۔ درحقیقت وہ مقدس وجود تمام اہل بیت علیہم السلام کے لئے حجت ہے یعنی وہ اس مقدس وجود کے ذریعہ اپنی حقانیت اور غاصبوں اور ظالموں کے باطل ہونے پر احتجاج کرتے ہیں۔ اہل بیت علیہم السلام میں سب حجت ہیں لیکن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ان جہتوں سے حجت ہونا زیادہ ہے۔

سیدۃ النساء العالمین، بضعۃ الرسول، قرینۃ ولی اللہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے حکم قرآن مجید کے مطابق مباہلہ میں خصوصی شرکت کی اور اہل بیت علیہم السلام میں تنہا خاتون ہیں جو اپنے والد، شوہر اور معصوم اولاد کی طرح مقام عصمت و طہارت پر فائز ہیں۔

آپ مقام نبوت کے علاوہ اخلاق، علم و کمال میں اپنے والد کی مکمل تصویر تھیں اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی طرح آپ کی سیرت اور رفتار و گفتار دین، شریعت اور احکام الہی پر دلیل ہے۔

علم و ہدایت کے لحاظ سے آپ کو منصب امامت حاصل تھا۔ عفت و عصمت، وقار و کرامت اور حجاب کے لحاظ سے اسلام کی خاتون اول کی حیثیت سے آپ کی ذات اسوہ و قدوہ اور نمونہ عمل ہے۔

خطبہ فدک، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا معجزہ

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ایک اہم معجزہ آپ کا خطبہ فدک ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے بعد جو عظیم مصائب آپ پر پڑے اور ایسے پرآشوب ماحول میں آپ نے انتہائی فصاحت و بلاغت کے ساتھ یہ خطبہ دیا کہ امیر المومنین علیہ السلام اگرچہ امام البلغاء اور امیر الفصحاء ہیں لیکن ماحول ایسا نہ تھا کہ آپ ایسا جامع، فصیح، تابناک اور دیر پا خطبہ ارشاد فرمائیں۔

صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و بزرگی سبب بنی کہ اس تاریخی اجتماع میں آپ خطبہ دیں اور کوئی آپ کو روک نہ سکے کہ جیسے خود حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وہاں موجود ہوں اور جب آپ نے خطبہ دیا تو وہاں موجود لوگ حقائق جان کر گریہ کرنے لگے۔

بہرحال اس خطبہ کے مضامین بہت بلند ہیں اور یہ اہل بیت علیہم السلام کے معجزات میں سے ہے لہذا دوسری صدی ہجری میں جب کتاب بلاغات النساء لکھی گئی تو اس میں اس خطبہ کو بھی شامل کیا گیا۔

البتہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل بہت زیادہ ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب آپ کو تسلی دیتے تو فرماتے تھے۔ "ابشری یا فاطمة ان المهدی منک" اے فاطمہ! تمہیں بشارت ہو کہ مہدی تم سے ہیں‌.

یہ بہت اہم ہے کہ جب عالم امکان کی پہلی ہستی یعنی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی عزیز اور اکلوتی بیٹی کو ان کے اوپر پڑنے والے مصائب و مشکلات برداشت کرنے پر تسلی دیتے تھے تو یہ کہتے کہ مہدی تم سے ہیں۔ یعنی سب تم سے ہے اور سب تمہارے لئے ہے، دنیا کا رخ آپ کی جانب ہے، باطل پر حق کی فتح اور تاریکی میں روشنی آپ کے لئے ہے۔ بہرحال حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل کثیر ہیں۔

عزائے فاطمی کا اہتمام، شعائر فاطمی کی تعظیم، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے اقدامات، سیرت، زہد، عبادت، علم و حکمت ہمارے پروگرامس میں شامل ہونا چاہیے اور تقریروں، تحریروں اور ہر مناسب موقع پر بیان کیا جانا چاہیے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب اس قدر واضح اور آشکار ہیں کہ ابن اثیر نے اپنی کتاب النہایہ میں، اگرچہ وہ سنی تھے اور ان کی کتاب لغت کے سلسلے میں ہے لیکن انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد آپ پر پڑنے والی مصیبتوں کو سب کے لئے بیان کیا، نظر انداز نہیں کیا۔

ہمیں چاہیے کہ ہم تاریخی حقائق کو لوگوں کے لئے بیان کریں، آپ کے کلام خصوصاً آپ کے عظیم و بلیغ خطبہ فدک جو کہ ایک معجزہ ہے اسے دنیا کے سامنے پیش کریں۔

عزائے فاطمی کے ان دنوں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ملکوتی شخصیت کی تجلیل و تعظیم ہو اور سب لوگ ان دنوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی یادگار بیٹی سے اپنی محبت و مودت کو ثابت کریں۔

آج ہم آپ کی تاسی کہ نیاز مند ہیں۔ ہمارے سماج کی خواتین بہترین گھرداری اور بچوں کی پرورش کے سلسلہ میں آپ کی محتاج ہیں کیونکہ آپ بہترین نمونہ عمل ہیں۔

آج آپ کا کلام خواتین بلکہ مردوں کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے۔ آپ نے دنیا کے سامنے خاتون کی حقیقی حیثیت اور کرامت کو پیش کیا اور فرمایا: "بہترین عورت وہ ہے جو کسی نامحرم کو نہ دیکھے اور کوئی نامحرم اسے نہ دیکھے۔"

یہی وہ عظمت و کرامت ہے کہ جس نے آج تک بلکہ قیامت تک حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو با معرفت، خدا پرست اور حق کے متلاشیوں کے دلوں میں زندہ رکھا ہوا ہے۔

عزائے فاطمی، یعنی ظالموں کے خلاف فریاد

فاطمیہ ایک تاریخ ہے، فاطمیہ ظالموں کے خلاف ایک فریاد ہے، یعنی باطل پر حق کی کامیابی کا جہاد ہے، المختصر فاطمیہ حضرت مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کی عالمی اور الہی حکومت کا دن ہے۔

ہاں! فاطمیہ عاشورا ہے، فاطمیہ شب قدر ہے، فاطمیہ غدیر اور نیمہ شعبان ہے، فاطمیہ ظلمت پر نور کی فتح کا دن ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بیان فضائل کی روشنی میں دین کے تمام پہلوؤں، ائمہ طاہرین علیہم السلام کی ولایت، اسلام، قرآن، مکتب اہل بیت علیہم السلام، رسالت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تبلیغ ہونی چاہیے۔‌

ہمیں چاہیے بدعتوں، بیگانو کی پیروی کے بڑھاوے، نامناسب حالات، گناہ، منکرات، فساد، جہالت اور گمراہی کا مقابلہ کریں۔

مکتب اہل بیت علیہم السلام معرفت کا مکتب ہے، علم و بیداری کا مکتب ہے۔ آگاہی، عدالت، مساوات، عقل کے رشد و ترقی اور نورانی افکار کا مکتب ہے، ضرورت ہے کہ اسے بیان کیا جائے، نورانی مجالس فاطمی کی قدر کی جائے اور اس کمال کی برکتوں سے استفادہ کیا جائے اور ان ایام میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عزیز فرزند امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے بارگاہ خدا میں دعا کی جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha