منگل 18 نومبر 2025 - 14:15
حضرت زہراؑ کا اہم ترین پیغام: سخت ترین حالات میں بھی دین پر ثابت قدم رہو: سربراہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی

حوزہ/ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد حسن اختری نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پوری زندگی انسانیت کے لیے ایک کامل درس ہے جس کا سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ انسان مشکلات اور سخت حالات میں بھی دین اور الٰہی اقدار پر ثابت قدم رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمدحسن اختری نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پوری زندگی انسانیت کے لیے ایک کامل درس ہے جس کا سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ انسان مشکلات اور سخت حالات میں بھی دین اور الٰہی اقدار پر ثابت قدم رہے۔

انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف شیعوں بلکہ پوری امت کے لیے ایک ہمہ جہت نمونہ ہیں۔ اسلامی مفکرین اور علمائے کرام اس بات پر متفق ہیں کہ آپؑ کی فضیلت اور مقام کسی خاص گروہ تک محدود نہیں۔

اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سربراہ نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت محض اخلاقی و روحانی پہلوؤں تک محدود نہیں بلکہ وہ اخلاقیات، عبادت، خاندان، تربیت، معاشرت اور سیاسی بصیرت—ہر میدان میں کامل نمونہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا نے اپنے مختصر مگر پُربرکت زندگی میں یہ ثابت کیا کہ دینی اور سماجی ذمہ داریاں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوتیں۔ آپؑ نے عبادت کے ساتھ ساتھ خاندان کی کرامت، تربیتِ اولاد، معاشرتی حقوق اور دینی اقدار کے تحفظ کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

حجت الاسلام والمسلمین اختری نے زور دے کر کہا کہ ایام فاطمیہ کو صرف مجالس اور عزاداری تک محدود نہ کیا جائے، بلکہ ان ایام کو سیرتِ فاطمیہ کے علمی، اخلاقی اور سماجی پہلوؤں کی ترویج کے لیے بھرپور طور پر استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل تک سیرتِ فاطمیہ کے پیغامات کو علمی، تحلیلی اور جدید زبان میں منتقل کرنا ضروری ہے تاکہ وہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عملی زندگی سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایام فاطمیہ کے پروگراموں میں سیرتِ حضرت زہراؑ پر مبنی لیکچرز، سیمینارز، ورکشاپس، تحقیقی مضامین اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری شامل ہو تاکہ یہ مجالس زیادہ مؤثر اور معرفت افزا بن سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام عورت اور مرد دونوں کو مساوی انسانی قدر و منزلت دیتا ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے ثابت کیا کہ عورت حجاب و عفت کے دائرے میں رہتے ہوئے سماجی، ثقافتی، سیاسی، تربیتی اور معاشرتی میدانوں میں فعال کردار ادا کرسکتی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ مبلّغین اور خطباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایام فاطمیہ میں سیرتِ فاطمیہ کے عملی پہلوؤں کو نوجوان نسل تک ایسے انداز میں پہنچائیں جو عام فہم، مؤثر اور انسان سازی پر مبنی ہو، تاکہ معاشرہ اخلاقی و دینی لحاظ سے مضبوط بنیادوں پر استوار ہوسکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha