جمعرات 11 دسمبر 2025 - 10:55
حضرت فاطمہؑ کی زندگی حق اور صداقت کا بہترین نمونہ ہے؛ اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ عزت دی ہے: آیت اللہ احمد جنتی

حوزہ/ آیت‌اللہ احمد جنتی نے کہا کہ اسلام نے عورت کو سب سے بلند مقام دیا ہے، اور امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب نے بھی اپنے خطابات میں خواتین کی شان و عظمت کے سلسلے میں بارہا تذکرہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی ی کے مطابق، آیت‌اللہ جنتی نے گارڈین کونسل کے اجلاس میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہراؑ کی پوری زندگی حق، شجاعت اور پاکیزگی کا بے مثال نمونہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج کچھ مادّی نظریات اسلام کے خاندانی نظام کو کمزور کر رہے ہیں اور عالمی طاقتیں انہی بگڑی ہوئی سوچوں کو دنیا بھر میں پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

آیت‌اللہ جنتی نے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمۂ اطہار علیہم السلام نے حضرت زہراؑ کی جس طرح تعظیم کی، وہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلام عورت کو بلند مقام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا آئین بھی اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر خواتین کے لیے احترام کا قائل ہے اور مضبوط موقف رکھتا ہے۔

انہوں نے حضرت زہراؑ کے امتیازی اوصاف بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ ایمان، حق کا دفاع، استقامت، بہترین انداز میں حق بات پہنچانے اور امید کے ساتھ جدوجہد کرنے کی زندہ مثال ہیں۔

آیت‌اللہ جنتی نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ عورت کی عزت کی ہے، آج ملک میں علمی اور صاحبِ نظر خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے، رہبر معظم انقلاب کے مطابق آج ایران میں جتنی پڑھی لکھی، صاحبِ فکر اور محقق خواتین موجود ہیں، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ مادّی فکر رکھنے والی تہذیبیں صرف مخصوص گروہوں کے مفاد کو دیکھتی ہیں، اسی لیے ان کے معاشرے سنگین مسائل میں گھرے رہتے ہیں، جن میں سب سے بڑا مسئلہ خاندان کی بنیاد کا ٹوٹ جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار اپنے انہی مسائل کو دنیا میں پھیلانا چاہتا ہے اور خاص طور پر خواتین کے بارے میں غلط اور تباہ کن نمونے مسلط کر رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha