حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے مشہد مقدس میں واقع جامعہ علوم اسلامی رضوی میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزاء میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات تمام کمالات و فضائل کا مظہر ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تمام نیکیوں کو ایک شخصیت میں سمو دیا جائے تو وہ فاطمہ (سلام اللہ علیہا) ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف فضیلت کا مظہر ہیں بلکہ تمام مومنین خصوصاً محبان اہل بیت علیہم السلام کے لیے تربیت اور راہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔
آیت اللہ علم الہدیٰ نے واضح کیا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی جدوجہد کا مقصد صرف فدک کا مطالبہ نہیں تھا بلکہ ان کا اصل ہدف نظامِ امامت کو تحریف سے بچانا اور قیادت کو وحی کے راستے پر باقی رکھنا تھا۔ ان کے مطابق، اگر فاطمی قیام کا محرک صرف مادی مفاد ہوتا تو وہ خطبہ فدک اور جانثارانہ مقاومت قابلِ فہم نہ ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فدک اہل بیت علیہم السلام کے لیے ایک سماجی اور خیراتی حیثیت رکھتا تھا لیکن سیدہ کی جدوجہد کا محور دفاعِ ولایت تھا۔ ان کے نزدیک، امامت دراصل وحی کے تسلسل کا نظام ہے، اور امت کی قیادت کو اپنی قانونی حیثیت ہمیشہ اسی وحی کے راستے سے حاصل ہوتی ہے۔
آیت اللہ علم الہدیٰ نے آخر میں کہا کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے عملی طور پر استقامت دکھائی، اپنے موقف پر ڈٹی رہیں اور آخرکار شہادت تک صبر و ثبات کا مظاہرہ کیا۔ یہی صدیقہ طاہرہ کی سیرت ہے جو امت کو ہر طاغوتی قوت کے مقابلے میں جهاد و مزاحمت کا درس دیتی ہے۔









آپ کا تبصرہ