اتوار 9 نومبر 2025 - 14:30
حضرت فاطمہ زہراؑ نے چہرہ نفاق کو بے نقاب کیا: آیت اللہ سعیدی

قم/ حرم کریمہ اہل بیتؑ حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سب سے بڑی ذمہ داری نفاق کے چہرے کو بے نقاب کرنا اور ان منافقین کو پہچانوانا جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں اپنی ظاہری دینداری کے پیچھے چھپے ہوئے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ استکبار اور استعمار، امریکہ و برطانیہ کی فطرت کا حصہ ہے، اور انقلابِ اسلامی دراصل انہی طاقتوں کو ایران کی حکمرانی سے الگ کرنے کی جدوجہد کا نام ہے، اسی لیے آج تک ان کی دشمنی باقی ہے۔

انہوں نے موجودہ عالمی بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان، شام اور دیگر ممالک کی موجودہ صورتحال مغربی استعمار، بالخصوص امریکہ کی سازشوں کا نتیجہ ہے۔ دشمن آج یہ کوشش کر رہے ہیں کہ عوام اور نظامِ اسلامی کو غلط پیمانوں سے پرکھا جائے تاکہ ان کے معمولی نقائص سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

قم کے امام جمعہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو حق و باطل کی پہچان کا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ولایتمداری، ظلم سے نفرت اور دفاعِ حق نے انہیں ہمیشہ کے لیے معیارِ ایمان بنا دیا۔

آیت اللہ سعیدی نے بیان کیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور میں منافقین وہ طبقہ تھے جنہیں عوام کے سامنے پہچانوانا ممکن نہیں تھا، لہٰذا یہ ذمہ داری حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو سپرد کی گئی تاکہ وہ نفاق کے چہرے کو بے نقاب کریں اور مؤمنینِ حقیقی کو ان سے الگ کریں، اور تاریخ اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ انہوں نے یہ مشن کامیابی سے پورا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم کے مطابق اسلامی نظام دو ستونوں پر قائم ہے: قیادت اور عوام، اور اگر عوام میدان میں نہ ہوں تو دین کی سربلندی ممکن نہیں، جیسا کہ واقعۂ کربلا میں دیکھا گیا کہ خاموشی اور عدمِ حمایت نے امام حسین علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کا راستہ ہموار کیا۔

آخر میں آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ آج بھی وہی فتنہ انگیز رویے موجود ہیں، لیکن امام خمینیؒ کے بقول ایران کے عوام ایمان و استقامت میں زمانۂ رسول اللہ (ص) کے لوگوں سے زیادہ مضبوط ہیں، اور حالیہ ۱۲ روزہ جنگ میں عوام کے اتحاد اور رہبر کی قیادت میں استقامت اور نظام کی حمایت اس ایمانِ راسخ کی واضح مثال ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha