حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاسداران پاکستان کے زیر اہتمام چہلم شہدائے مچھ کا انعقاد امام بارگاہ سائبان زہرا ملتان میں کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ عالم دین علامہ غضنفر حیدری کا کہنا تھا کہ آج ہماری ملت کو قلم کی طاقت اور بہترین تربیت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جناب سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی تربیت تھی کی امام حسین علیہ السلام نے اسلام کے لیے جان دینے سے دریغ نا کیا آج ہماری مائیں سیرت جناب سیدہ فاطمہ ع پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملت کے جوانوں کی ایسی تربیت کریں کہ امام زمانہ عج ان پر فخر کریں۔
علامہ موصوف نے کہا کہ میں شہداء کے لواحقین کو مخاطب کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ اے وارثان شہداء آپ سے وقت کا حسین علیہ السلام راضی ہوگیا ہے۔ اے ہزارہ کی ماں بہنوں آپ نے جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا خوشنودی حاصل کرلی ہے۔ یہ وقت کے یزید نام بدل بدل کر کر آپ پر حملہ کرتے ہیں اور یہ آپ کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ آپ کے جوان اپنے سینے راہ کربلا کے لئے پیش کر دیتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ یہ شہداء ولایت ہیں کیونکہ ان کو ولایت علی ابن ابی طالب کے جرم میں شہید کیا گیا ہے۔ شیعہ قوم کے لئے سعادت ہے کہ جب ان کے اپنے شہید کردیے جاتے ہیں تو وہ ان پر گریازاری نہیں کرتے بلکہ وہ امام حسین کے مصائب کو یاد کرتے ہیں اور گریہ و زاری کرکے جناب سیدہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔