حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہِ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اعلان کیا ہے کہ مراجعِ عظام (دامت برکاتهم)، حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل اور دینی مراکز کی تائید اور ہم آہنگی سے دوسرے ایام فاطمیہ میں تبلیغ کے سلسلے میں حوزہ علمیہ کے سطوحِ عالی و درسِ خارج سمیت تمام تخصصی مراکز 29 جماد جمادی الاولٰی تا 7 جمادی الثانیہ ۱۴۴۷ تک تعطیل رہیں گے۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ عزاداری کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا کہ نام و سیرتِ صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کو زندہ رکھنا اور ان کے طرزِ حیات کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی درخشان سیرت سے انسانیت کو زندگی کے حقیقی معانی اور الٰہی طرزِ حیات سکھایا۔ آج کی دنیا بالخصوص خواتین، نوجوان اور اسلامی گھرانے، ماڈرن جاہلیت کے ہنگاموں میں ان کے اسوۂ حیات کی سخت ضرورت محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ انقلابِ اسلامی کی پروردہ خواتین کی نمایاں کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے اور موجودہ خامیوں اور کمزوریوں کا سنجیدگی سے ازالہ کیا جائے۔
آیت اللہ اعرافی کے مطابق، اسلامی معاشرے میں عفیف، باحیا اور پاکیزہ خاندان ہی مغربی ماڈل کا بہترین متبادل ہے جسے حکمت، شجاعت اور سلیقے کے ساتھ متعارف کرانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا میں حق و باطل کے درمیان فکری و تہذیبی جنگ جاری ہے، اور ایسے میں علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ الٰہی فریضہ ادا کرتے ہوئے تبلیغ، روشنگری اور دینی بصیرت کے ذریعے معاشرے کو انحرافات سے بچائے۔
سربراہِ حوزہ علمیہ ایران نے ولایت، مرجعیت اور قیادتِ امت کو دین و ملت کی عظمت کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملتِ ایران، نوجوان نسل اور خواتین انقلابِ اسلامی کے وقار و استقلال کی حقیقی علمبردار ہیں۔
انہوں نے علمائے کرام، ائمہ جمعہ و جماعت، دینی و ثقافتی اداروں اور میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ ہم آہنگی اور اجتماعی کوشش کے ذریعے تبلیغِ دین اور تربیتِ نسلِ نو میں "یدِ واحدہ" بن کر کام کریں۔
آخر میں آیت اللہ اعرافی نے تمام ذمہ دارانِ مملکت پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کے حل، کارکردگی میں بہتری اور سماجی مسائل کے ازالے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور خدمتِ خلق کو اپنی مستقل ترجیح بنائیں۔









آپ کا تبصرہ