بدھ 7 مئی 2025 - 16:22
حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ خدمات پر منعقدہ اجتماع، دینی مدارس میں ترقی کا نیا باب

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران کے حوزات علمیہ کے مدیر نے کہا: حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ تاسیس کا اجتماع، حوزہ علمیہ قم میں ایک نئی پیشرفت ہے، اور رہبر معظم انقلاب کا اس اجتماع کے نام پیغام، ملک کے تمام حوزات علمیہ اور حوزہ علمیہ قم کے لئے ایک رہنما اصول ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے آج دوپہر حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے ضمن میں، امام کاظمؑ مدرسہ کے ہال میں "سده اخیر میں تبلیغی علمی کمیشن" کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم نے چودھویں صدی ہجری سے پہلے چھ اور چودھویں صدی کے بعد بھی چھ مراحل طے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ یہ عظیم الشان اجتماع، حوزہ کی ترقی کے ساتویں مرحلے کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کا اس اجتماع کے لئے ارسال کردہ پیغام، نہ صرف حوزہ علمیہ قم بلکہ ملک بھر کے دینی مدارس کے لئے بھی ایک جامع حکمت عملی فراہم کرتا ہے۔

ملک بھر کے حوزات علمیہ کے مدیر نے بیان کیا کہ رہبر معظم کے پیغام میں بیان کردہ پانچ اہم ذمہ داریاں، آج کے دینی مدارس کی نئی رسالت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان پانچ بنیادی نکات میں رہبر معظم کی جانب سے 50 سے زیادہ کلیدی اور رہنما نکات بیان کیے گئے ہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ ان نکات میں تبلیغ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تبلیغ اس وقت تک مؤثر نہیں ہو سکتی جب تک ہم عصرِ حاضر کی فکری اور ثقافتی فضا سے مکمل طور پر آشنا نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نوجوانوں کے فکری رجحانات کو درست طور پر نہ سمجھیں تو ہماری رہنمائی مؤثر ثابت نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے تبلیغ کے لئے مستند اور مضبوط مواد کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم نے تبلیغ کے شعبے میں ضروری مہارتوں کے حصول، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، مغربی فکر پر تنقیدی نظر، حالات کی دقیق نگرانی، پرکشش تبلیغی پیکیجز کی تیاری، فعال اور مثبت انداز اپنانے، فلسفیانہ اور گہرے دفاع، ثقافتی مجاہدت، مبلغ کی ذاتی تہذیب و تربیت، آج کے انسان کو عالمی تناظر میں دیکھنے اور موجودہ نوجوانوں کی بہتر شناخت پر خاص طور پر تاکید کی ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ ہم سب کو تبلیغ اور تبیین کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے، اور ان عظیم اہداف کے حصول کے لئے اجتماعی عہد، گہری وابستگی اور بھرپور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha