حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم کی جدید تاسیس کے سو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے مدرسہ امام کاظم علیہ السلام قم المقدسہ میں بین الاقوامی دو روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ تاریخی اہمیت کی حامل اس تقریب میں دنیا بھر سے جید علمائے کرام، محققین اور دینی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ الوارف) کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نجفی نے حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "حوزہ علمیہ قم کی جدید تاسیس کی صد سالہ تکمیل کا جشن منانا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
یہ حوزہ، جو حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے جوار میں واقع ہے، علمائے اعلام کی استقامت، طلبہ کی قربانیوں اور مؤمنین کی حمایت کے نتیجے میں ایک صدی سے ثابت قدم رہا۔ یہ ادارہ نہ صرف قائم رہا بلکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مسلسل ترقی کرتا رہا اور دین مبین کی ترویج میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔"
انہوں نے قرآن کریم کی آیت "یقیناً یہ قرآن سب سے مضبوط راستے کی ہدایت دیتا ہے" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "انبیائے کرام علیہم السلام اللہ کے حکم سے ہدایت کرتے تھے اور اپنی زندگیوں سے لوگوں پر اثر انداز ہوتے تھے۔
امام حسین علیہ السلام نے اپنے پاکیزہ خون سے ایک عظیم تحریک برپا کی اور پوری امت کی راہ بدل دی۔ اسی طرح یہ مقدس ادارہ (حوزہ علمیہ) اصولِ اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے۔"
شیخ علی نجفی نے مزید کہا کہ: "حوزہ نجف و حوزہ کربلا اور حوزہ علمیہ حلہ، بغداد، شام اور برصغیر ہند میں بھی ایک شاندار علمی روایت رکھتا ہے۔ آج حوزہ علمیہ قم دنیا بھر میں ایک روشن مینار کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ ہم یہاں آکر علماء اور مؤمنین کے ساتھ اپنے تعلق اور ان کی علمی و دینی خدمات کی قدر دانی کا اظہار کر رہے ہیں۔"
انہوں نے آخر میں کہا: "ہر مکتب فکر اپنے زمانے اور حالات کے مطابق حوادث کو سمجھنے کا انداز رکھتا ہے۔ زمانے کے بدلنے کے ساتھ ساتھ علمی مباحث اور اندازِ بیان میں تبدیلی ایک فطری امر ہے، خصوصاً جب علمی استعداد وسیع ہو اور تحقیق و تعلیم کے وسائل میں ترقی ہو، تو یہ ایک خوش آئند اور مبارک پیش رفت ہے۔"
آپ کا تبصرہ