پیر 24 فروری 2025 - 16:26
تفسیر تسنیم علوم اسلامی کی ایک انسائیکلوپیڈیا ہے: آیت الله اعرافی

حوزہ/ سربراہ حوزہ علمیہ ایران نے تفسیر تسنیم کی رونمائی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تفسیر علوم اسلامی کی ایک جامع انسائیکلوپیڈیا ہے جو کہ حوزہ علمیہ کی روایتی تحقیق کا عظیم شاہکار ہے، تفسیر تسنیم میں عقلی و نقلی مناہج کو یکجا کیا گیا ہے اور یہ تفسیر ترتیبی ہونے کے ساتھ ساتھ گہرے موضوعات اور عصری مسائل کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت الله علی رضا اعرافی نے تفسیر تسنیم کی رونمائی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تفسیر علوم اسلامی کی ایک جامع انسائیکلوپیڈیا ہے جو کہ حوزہ علمیہ کی روایتی تحقیق کا عظیم شاہکار ہے، تفسیر تسنیم میں عقلی و نقلی مناہج کو یکجا کیا گیا ہے اور یہ تفسیر ترتیبی ہونے کے ساتھ ساتھ گہرے موضوعات اور عصری مسائل کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔

سربراہ حوزہ علمیہ ایران نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم میں قرآن کریم کی تفسیر کے میدان میں قابل قدر پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفسیر کے رسمی و غیر رسمی دروس، جدید قرآنی موضوعات اور ان پر بحث، قرآنی اداروں کا قیام، تحقیقی مقالات، کتابوں، مجلات اور سافٹ ویئرز کی تیاری میں حوزہ علمیہ کے نمایاں کارنامے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قم اور نجف میں مراجع کرام کی جانب سے عظیم تفاسیر کی تالیف، انقلاب اسلامی کے فیوضات کا نتیجہ ہے۔ آیت الله اعرافی نے کہا کہ حوزہ علمیہ نے تفسیر قرآن کے میدان میں بڑے قدم اٹھائے ہیں، لیکن ابھی یہ سفر شروعاتی مرحلے میں ہے۔

انہوں نے رہبر معظم انقلاب کے حوالے سے کہا کہ حوزہ کو اس راہ میں مزید بڑے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور تفسیر قرآن کو تمام علمی میدانوں میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔

آیت الله اعرافی نے تفسیر موضوعی کی تخصصی شکل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تفسیر کے میدان میں گہرائی اور وسعت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفسیر کے اصول و مناہج کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، جس طرح اصول فقه نے حوزہ کو ترقی دی، اسی طرح اصول تفسیر کو بھی فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تفسیر تسنیم حوزہ علمیہ کی عظیم کاوش ہے جس نے کئی نسلوں کو تعلیم دی ہے اور اس کا اثر معاشرے، یونیورسٹی اور میڈیا میں نمایاں ہے۔ یہ تفسیر المیزان کے تسلسل میں ایک عظیم تحریک کی نمائندگی کرتی ہے۔

آیت الله اعرافی نے کہا کہ قرآن کریم کے سلسلے میں جو کام ہو رہے ہیں وہ سب امام خمینی(رح)، رہبر معظم انقلاب اور مراجع عظام کی فکر کی مرہون منت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ترقیاں شہدائے انقلاب، شہدائے دفاع مقدس اور مقاومت کے مرہون منت ہیں۔

انہوں نے آیت الله العظمی جوادی آملی کے درس اخلاق کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے درس میں شرکت کرنا ایک بے مثال تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس حوزہ علمیہ کی جانب سے علامہ جوادی آملی اور تفسیر تسنیم کے تمام معاونین کے لیے ایک خراج تحسین ہے۔

تقریب کے اختتام پر آیت الله اعرافی نے خداوند عالم اور حضرت ولی عصر(عج) کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہوئے کہا کہ یہ تمام ترقیاں ان کی عنایات کا نتیجہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha