ہفتہ 1 مارچ 2025 - 18:59
عصر حاضر میں کامیابی کے لیے حضرت ولی عصر (عج) سے توسل اور دعا ناگزیر ہے: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا کہ پیچیدہ اور غبار آلود حالات میں کامیابی کے لیے حضرت ولی عصر (عج) سے توسل اور دعا ناگزیر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے حوزہ علمیہ کے تعلیمی، تحقیقی، اور درسی مواد کے دفاتر کے نئے سربراہان کی تقرری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان اور رمضان المبارک میں روحانی ترقی کے لیے ایک اہم موقع ہے، اگر ہم اس مبارک مہینے کی برکتوں اور لمحات سے صحیح طور پر استفادہ کریں تو اپنی روح، جسم اور زندگی میں ایک بڑا معنوی انقلاب لا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مختلف نام ہیں اور اس کی فضیلتیں ہمیں اس کی عظمت کی طرف متوجہ کراتی ہیں، تاریخ اسلامی میں کئی بڑے علما اور حکما نے اسی ماہ کی برکتوں سے فیض حاصل کر کے عظیم مراتب پائے ہیں۔

حوزہ علمیہ کی ذمہ داریاں اور چیلنجز

آیت اللہ اعرافی نے موجودہ دور میں حوزہ علمیہ کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علما اور دینی مدارس کے اساتذہ کی اولین ذمہ داری خودسازی، حقائق کی معرفت، اخلاقی اور روحانی تربیت حاصل کرنا اور معارف الہٰیہ کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ فریضہ مزید سنگین ہو گیا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو حوزہ علمیہ کی رہبری کے منصب پر فائز ہیں۔

حضرت ولی عصر (عج) سے توسل اور دعا کی ضرورت

آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ آج کے پیچیدہ اور غیر یقینی حالات میں حضرت ولی عصر (عج) سے توسل اور دعا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم ایک غبار آلود فضا میں زندگی گزار رہے ہیں، ہم نے حوزہ علمیہ کی ترقی اور موجودہ صورتحال کو سنوارنے کی پوری کوشش کی، لیکن یہ راستہ بہت دشوار ہے اور ہمیں حضرت ولی عصر (عج) کی خصوصی عنایت اور مدد کی ضرورت ہے۔"

انہوں نے تاکید کی کہ حوزہ علمیہ کے تمام منصوبوں اور سرگرمیوں میں حضرت ولی عصر (عج) سے توسل کو خصوصی اہمیت دی جائے اور اس حقیقت کو عملی طور پر اپنی زندگی میں شامل کیا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha