جمعہ 21 فروری 2025 - 10:24
قرآن اور تفسیر کے حوالے سے حوزہ علمیہ میں نمایاں پیش رفت/ "تفسیر تسنیم" حوزہ علمیہ کا ایک بے نظیر سرمایہ ہے

حوزہ/ بین الاقوامی "تفسیر تسنیم" کانفرنس کی پالیسی ساز کونسل کے اراکین کی حضرت آیت اللہ جوادی آملی سے ملاقات کے دوران سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا: حوزہ علمیہ میں قرآن اور تفسیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں اس میدان میں نمایاں ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی "تفسیر تسنیم" کانفرنس کی پالیسی ساز کونسل کے اراکین کی حضرت آیت اللہ جوادی آملی سے ملاقات کے دوران سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا: حوزہ علمیہ میں قرآن اور تفسیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں اس میدان میں نمایاں ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے، آج حوزہ علمیہ میں قرآن اور اس کی تفسیر پر توجہ مطلوبہ سطح پر پہنچ چکی ہے، جہاں 200 سے زائد تفسیری دروس مختلف سطوح پر منعقدہ کئے جا رہے ہیں اور 20 تخصصی حوزوی شعبوں میں قرآنی سرگرمیاں جاری ہیں۔

اس موقع پر آیت اللہ اعرافی نے کانفرنس کے انعقاد کی تفصیلات بیان کیں اور آیت اللہ جوادی آملی کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کی پچاس سالہ علمی جدوجہد نے فقہ، حکمت اور تفسیر قرآن کے میدان میں بے نظیر کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ آپ کی تفسیری کاوشوں سے ہزاروں طلبہ فیضیاب ہوئے ہیں اور تفسیر تسنیم کا مکمل ہونا ایک عظیم علمی سرمایہ ہے۔"

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ "آیت اللہ جوادی آملی کی علمی شخصیت نے ایک مکمل تفسیری سلسلہ فراہم کیا، جو ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔ اب جب کہ آپ کے تفسیری دروس مکمل ہو چکے ہیں، ایک بڑا خلا محسوس کیا جا رہا ہے، اس لیے گزارش ہے کہ کم از کم ہفتہ وار ایک قرآنی نشست کا اہتمام کیا جائے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "آج حوزہ علمیہ میں قرآنی علوم کے فروغ کے لیے 10 سے زائد علمی مجلات شائع ہو رہے ہیں اور قرآنی موضوعات پر بے شمار مقالات اور تحقیقی مقالے لکھے جا چکے ہیں۔ آیت اللہ جوادی آملی جیسی علمی شخصیات کے ہوتے ہوئے ہمیں ان علوم کو نوجوان نسل، سماج، ایران اور پوری دنیا تک منتقل کرنے میں خصوصی کوشش کرنی چاہیے۔"

واضح بین الاقوامی کانفرنس "تفسیر تسنیم" 24 فروری کو مدرسہ دارالشفاء قم میں منعقد ہو گی، جس میں آیت اللہ جوادی آملی کی 80 جلدوں پر مشتمل "تفسیر تسنیم" اور 20 جلدی "تفسیر موضوعی قرآن کریم" کی رونمائی کی جائے گی۔ اس موقع پر مقررین تفسیر تسنیم کی علمی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے اور اس کے اثرات کو اجاگر کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha