حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزات علمیہ کی بین الاقوامی علمی کانفرنس "امناء الرسل؛ سید الشہداء مقاومت، شہید سید حسن نصراللہؒ کی علمی و جہادی خدمات" کے پوسٹر کی رونمائی کی تقریب قم میں منعقد ہوئی، جس میں سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے شہداء اسلام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید نصراللہ کو ایک جامع فکری، انقلابی اور رہبرانہ مکتب قرار دیا۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہؒ صرف ایک کمانڈر نہیں بلکہ ایک تحریک ساز شخصیت تھے جنہوں نے حوزہ علمیہ نجف و قم سے علمی استفادہ کیا، شہید صدر اور امام خمینیؒ کے افکار سے متاثر ہوئے، اور مزاحمت کی راہ میں ایک عالمی انقلابی نقش چھوڑا۔
انہوں نے بتایا کہ "امناء الرسل" کانفرنس کا مقصد ایسی علمی، مجاہدانہ اور فکری شخصیات کو متعارف کرانا ہے جنہوں نے دینی، سیاسی اور ثقافتی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ اس کا خاص تمرکز حوزہ علمیہ قم اور نجف جیسے تاریخی علمی مراکز پر ہے، تاکہ دونوں کے مابین رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے آئندہ مراحل میں آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانیؒ اور آیت اللہ شهرستانیؒ کی علمی و فقہی خدمات پر بھی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
آیت اللہ اعرافی نے فلسطین، خاص طور پر غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت اسلامیہ کو صہیونی ظلم و ستم سے نجات دے۔ انہوں نے تاکید کی کہ نسلِ نو کو اپنے فکری ورثے سے جوڑنے کے لیے ایسی علمی کانفرنسیں اہم سنگ میل ہیں۔









آپ کا تبصرہ