پیر 13 اکتوبر 2025 - 15:12
حوزہ علمیہ قم علمی و فکری ارتقاء کی راہ پر گامزن ہے: آیت اللہ مدرسی

حوزہ/ عراق کے ممتاز عالم دین آیت اللہ مدرسی نے تاکید کی ہے کہ موجودہ عالمی تبدیلیوں کے پیش نظر حوزہ ہائے علمیہ کے تعلیمی نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ مدرسی نے مقدس شہر قم کا دورہ کیا، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت کی اور شیعہ شناسی جیسے مختلف علمی مراکز کا معائنہ کیا۔

انہوں نے مجمع جهانی شیعہ شناسی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں ادارے کی علمی و تبلیغی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اسلامی معاشروں، بالخصوص نوجوان نسل کو درپیش تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا کے چیلنجز پر گفتگو کی۔

آیت اللہ مدرسی نے کہا کہ “حوزہ علمیہ قم ایک ایسے ٹرین کے انجن کے مانند ہے جو اگر درست رہنمائی کے ساتھ آگے بڑھے تو امتِ اسلامی کی فکری و روحانی ترقی کے سارے ڈبے منزل تک پہنچا سکتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہ حوزہ روز بروز اپنی علمی و عملی توانائی میں اضافہ کرے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر کی تبدیلیوں کے مطابق تدریسی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، تاکہ بچوں اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے جدید ذرائع جیسے آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور پرکشش قرآنی و معرفتی پروگراموں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

عراق کے اس بزرگ عالم نے مختلف زبانوں کی تعلیم خصوصاً عربی زبان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں موجود شیعوں کی حالت، ضروریات اور ثقافتی حالات کو سمجھنا اور ان سے مسلسل رابطے میں رہنا حوزہ کا اہم فریضہ ہے۔

آیت اللہ مدرسی نے مختلف ممالک کے علمی و تبلیغی سفرنامے بیان کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ثقافتی و فکری روابط کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے موجودہ سیاسی و سلامتی صورتحال کو نہایت حساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ امتِ اسلامی کو وحدت و یکجہتی کے لیے پہلے سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ آج کا زمانہ اتحاد امتِ رسولؐ کا متقاضی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha