حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام علی (ع) کے مطبوعاتی ادارے سے وابستہ ’’الولایۃ ‘‘ میگزین کے منتظمین اور ایڈیٹرز کے ایک وفد نے آستانہ قدس رضوی کے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور اس دوران مشکوٰۃ میگزین کی سرگرمیوں کے بارے میں اس وفد کو بریفننگ دی گئی۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایران اور عراق کے مابین علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے اور اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں خصوصاً اس ادارے کے تحت شائع ہونے والے میگزین’’مشکوٰۃ‘‘ سے آشنائی کے مقصد سے منعقد ہوئی۔
اس ملاقات میں کوفہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محسن عبد العظیم ہادی الخاقانی اور ڈاکٹر حسین فاضل محسن حکیم اور ’’الولایۃ‘‘ میگزین کی ہیئت تحریریہ کے اراکین سمیت میگزین کے چیف ایڈیٹر استاد ہاشم محمد الباججی کے علاوہ مشہد مقدس یونیورسٹی کے شعبۂ الہیات کے پروفیسر ڈاکٹر مہدی مجتہدی نے شرکت کی۔
’’الولایۃ‘‘ میگزین کے منتظمین نے اپنے مطبوعاتی ادارے کی اشاعت کی تاریخ اور مقاصد کا تعارف کرواتے ہوئے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے محققین سے درخواست کی کہ وہ الولایہ میگزین کے ساتھ علمی تعاون بڑھائیں اور اپنے تحقیقی مقالے اشاعت کے لیے ارسال کریں۔
آستانہ قدس رضوی کے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے شعبۂ سماجی امور کے سربراہ ڈاکٹر حسن آرام اور دیگر منتظمین اور اراکین نے ’’مشکوۃ‘‘ میگزین کا تعارف کروایا اور دونوں جرائد کے لیے مشترکہ طور پر علمی تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے متعدد تجاویز بھی پیش کیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ’’الولایہ‘‘ میگزین ایک عمومی میگزین ہے جو ہر مہینے حرم امام علی(ع) کی جانب سے شائع کیا جاتا ہے اس میگزین کے دو حصے امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کی تعلیمات اور نہج البلاغہ سے متعلق ہیں ۔
ملاقات کے اختتام پر حرم حضرت علی(ع) کی جانب سے شائع ہونے والے ماہنامہ’’الولایۃ‘‘ اور سالانہ’’الغدیر‘‘ کے چند نسخے بھی ہدیہ کے طور پر پیش کئے گئے۔









آپ کا تبصرہ