منگل 14 اکتوبر 2025 - 04:57
حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای کی جانب سے علمی بزم اور معارف اسلامی کا انعقاد

حوزہ/ بھیک پور، سیوان میں حضرت معصومہ قم (س) کی یاد میں ایک علمی و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علماء کرام، شعراء اور محبین آل محمد نے شرکت کی۔ پروگرام میں درس و تدریس، تلاوت، تقریر اور دعائیہ کلمات پیش کیے گئے، اور نوجوانوں کو معارف اسلامی کی طرف ترغیب دی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیک پور، بہار میں نظم و نثر میں یاد حضرت معصومہ قم (س) اور مجلس برائے ایصال ثواب اہلیہ مرحومہ آیة اللہ العظمیٰ سیستانی مدظلہ العالی، اور معارف اسلامی کلاسز کے موضوع پر ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جسمیں تلاوت کے فرائض عقیل مصطفی نے انجام دئے و نظامت کے فرائض سید انتظار حسین رضوی نے کی، اور شعر و شاعری کے لئے کرار حسین، ندیم ندیمی، غلام نجف، وفادار حسین رضوی، پرویز حسین رضوی اور انور بھیک پوری کے نام قابل ذکر ہیں۔

تقریر و تحلیل کے لئے مولانا سید علی رضوی اور مولانا محمد رضا معروفی نے کی۔ ساتھ ہی مولانا سید شمع محمد رضوی نے دعائیہ کلمات پیش کیے اور معارف اسلامی کلاسز کے ذریعے قوم کے نوجوانوں و جوانوں کو تعلیم و تعلم کی طرف ترغیب دی۔

منعقدہ نشست میں جناب عارف عباس نے عنوان "حضرت فاطمہ معصومہ (س) کی زندگی اور سیرت" پر روشنی ڈالی۔ مزید پروگرام کے دوسرے استاد مولانا محمد رضا معروفی تھے جن کا عنوان "سفر حضرت معصومہ قم اور درس و تدریس" تھا۔ تیسرے استاد مولانا سید علی رضوی تھے جہنوں نے "حضرت معصومہ قم: فیض الہی کا دروازہ" کے عنوان سے روشنی ڈالی۔ آپ نے بتایا کہ الہی برکتوں کا گھر حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کا مقام ہے، جہاں علم و معرفت کا سرچشمہ ہے۔

آخر میں مولانا سید شمع محمد رضوی نے دعائیہ کلمات میں کہا کہ حضرت معصومہ قم کے محب زائرین، محب آل محمد ہیں۔ اٹھویں امام علی رضا علیہ السلام نے کہا کہ جس نے حضرت معصومہ قم کی زیارت کی گویا اس نے میری زیارت کی۔ آپ نے مزید فرمایا کہ جو آل محمد کے چاہنے والے ہوتے ہیں، وہ اپنی جان و مال کو کچھ بھی نہیں سمجھتے اور اپنے ائمہ کی زیارت کے لیے سب کچھ قربان کر دیتے ہیں۔

مولانا موصوف نے مزید بیان کیا کہ چھٹے امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: "قم ہمارا حرم ہے، جہاں بی بی کریمہ کا روضہ ہے، وہیں دین کا مرکز ہے جہاں دنیا کے گوشے میں علم کی شمع جل رہی ہے۔" انہوں نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ آئندہ کلاسز میں شرکت کریں تاکہ معارف اہل بیت علیہم السلام کی روشنی پھیلتی رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha