جمعہ 16 مئی 2025 - 19:02
حضرت فاطمہ معصومہ (س) کا مزار حضرت زہرا (س) کی گمشدہ قبر کی تجلی گاہ ہے: مولانا سید شمع محمد رضوی

حوزہ/ حضرت فاطمہ معصومہ (س) کی ولادت باسعادت سے لے کر امام علی رضا (ع) کی ولادت تک جاری عشرۂ کرامت کے موقع پر حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای بھیک پور میں بزم قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام روحانی، علمی اور ثقافتی محفل کا انعقاد عمل میں آیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بھیک پور، بہار/ ہر سال کی طرح امسال بھی حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای، بھیک پور، بہار میں " عشرہ کرامت" کی مناسبت سے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی خوشی میں عظیم الشان دینی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کا یہ 14واں مسلسل سال ہے کہ مزار حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی تجلی گاہ قرار دیتے ہوئے مختلف عنوانات اور مقامات پر متنوع علمی و معنوی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بانی ادارہ قرآن و عترت فاؤنڈیشن مولانا سید شمع محمد رضوی نے تمام مہمانانِ گرامی کا خیر مقدم کرتے ہوئے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی عظمت و مقام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مرحوم آیۃ اللہ مرعشی نجفی کے والد کے سچے خواب کا تذکرہ کیا، جس میں امام محمد باقر علیہ السلام و امام جعفر صادق علیہ السلام نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے مزار کو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی گمشدہ قبر کی تجلی گاہ قرار دیا۔

پروگرام میں مدیر حوزہ علمیہ آیۃ اللہ خامنہ ای، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سبط حیدر لکھنوی نے بیان کیا کہ امام علی رضا علیہ السلام نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کو "معصومہ" کا لقب عطا فرمایا اور فرمایا: "من زار المعصومة بقم کمن زارنی"۔ اس روایت کے مطابق جو بھی قم میں حضرت معصومہ (س) کی زیارت کرتا ہے گویا اس نے امام رضا علیہ السلام کی زیارت کی۔

اسی ضمن میں مولانا شمیم ترابی نے حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کی سیرت اور امام رضا علیہ السلام کے ساتھ ان کے گہرے رشتے پر روشنی ڈالی اور ان کے ذریعہ حاصل ہونے والی تربیت و روحانی عظمت کا تذکرہ کیا۔

امام جمعہ و جماعت کھجواں، مولانا سید قمر نے تاریخی پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے قم کو قدیم شہروں میں شمار کیا اور حضرت معصومہ (س) کو "عالمہ غیر معلمہ" قرار دیتے ہوئے ان کی علمی منزلت کی وضاحت کی۔

پروگرام کے اختتامی مرحلے میں مدیر اسلامیہ کالج، مولانا سید نور علی عابدی نوگانوی نے آل سعد خاندان (عرب کااشعری شیعہ خاندان) کے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے ساتھ محبت اور ان کے ساوہ سے قم منتقل کیے جانے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے اہل قم کی اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آخر میں بانی ادارہ، اراکین و تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سلامتی و کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ اس دینی، ثقافتی اور روحانی محفل میں علماء، محققین، شعراء کرام اور دور دراز سے آئے عاشقانِ اہلبیت علیہم السلام کی بھرعپور شرکت رہی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha