جمعرات 22 مئی 2025 - 00:24
زائر امام رضاؑ کو امام جعفر صادقؑ جنت لے جائیں گے: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ/حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مسجد کالا امام باڑہ پیر بخارہ لکھنؤ میں نمازِ مغربین کے بعد ایک مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی امام جماعت مسجد کالا امام باڑہ نے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "عنقریب میرا پارہ جگر سرزمین خراسان پر دفن ہوگا، کوئی مؤمن اس کی زیارت نہیں کرے گا مگر یہ کہ اللہ اس پر جنت کو واجب اور اس کے بدن پر جہنم کی آگ کو حرام قرار دے گا۔" کو سر نامہ کلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 23 ذی القعدہ جہاں امام علی رضا علیہ السلام کا یومِ شہادت ہے، وہیں آپ کی زیارت کا مخصوص دن ہے؛ اس دن دنیا بھر سے زائرین امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت کے لیے مشہد مقدس پہنچتے ہیں، کیونکہ آپ کی زیارت ایمان کی دلیل اور جنت کی ضمانت ہے۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "میرا پوتا سرزمین خراسان کے شہر طوس میں قتل ہوگا، جو بھی معرفت کے ساتھ اس کی زیارت کرے گا، میں قیامت کے دن اس کا ہاتھ پکڑ کر جنت میں داخل کروں گا۔" کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام کے زائر کو خود امام جعفر صادق علیہ السلام جنت لے جائیں گے۔ ظاہر ہے جسے مالک جنت، جنت لے جائے اسے جنت جانے سے کون روک سکتا ہے۔

مولانا سید علی ہاشم‌ عابدی نے کہا کہ روایت ہے کہ"امام محمد تقی علیہ السلام سے پوچھا گیا کہ جس نے آپ کے والد کی زیارت کی، اس کا اجر کیا ہے؟ فرمایا: خدا کی قسم! جنت ہے، خدا کی قسم! جنت ہے۔" اگر ہم معصومین علیہم السلام کی روایات میں غور کریں تو ہمارے لیے واضح ہو جائے گا کہ امام علی رضا علیہ السلام کے زائر کے جنتی ہونے کی ضمانت آئمہ معصومین علیہم السلام نے لی ہے۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی حدیث "میرے فرزند علی (رضاؑ) کا زائر جنتی ہے۔" بیان کرتے ہوئے کہا کہ روایات میں امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کو "روضۃ من ریاض الجنۃ" یعنی جنت کے باغوں میں سے ایک باغ کہا گیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ جو بھی امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں داخل ہوا وہ باغ جنت میں داخل ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha