پیر 5 مئی 2025 - 11:50
جامعۃ الامام امیر المومنین (ع) نجفی ہاؤس ممبئی میں عمامہ گزاری اور مدارس علمیہ کی اصلاح پر خصوصی خطاب

حوزہ/ مولانا سید احمد علی عابدی نے مدارس علمیہ کی موجودہ صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: "اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو آئندہ دس بارہ سال میں دینی و تبلیغی میدان میں شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔"

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی/ ہندوستان کے مرکزی شہر ممبئی میں واقع جامعۃ الامام امیر المومنین (ع) نجفی ہاؤس میں سالانہ جشنِ ثامن الائمہ امام رضا علیہ السلام اور طلاب کی عمامہ گزاری کی روحانی اور پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد طلاب کی دست جمعی تلاوت اور تواشیح نے بزم کو معطر کردیا۔ جشن کے دوران صفِ ثامن کے طلاب کرام کو ردائے مسئولیت سے سرفراز کیا گیا، جبکہ صفِ عاشر کے فارغ التحصیل طلاب کی عمامہ پوشی کی گئی۔

اس موقع پر امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلاب کو اسناد اور قیمتی انعامات سے بھی نوازا گیا۔

پروگرام کی صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید احمد علی عابدی نے کی، جبکہ جامعہ کے دیگر ممتاز اساتذہ، بشمول حجۃ الاسلام والمسلمین سید ذکی حسن، حجۃ الاسلام والمسلمین سید کلب حسن، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد قیصر، اور حجۃ الاسلام والمسلمین جوہر عباس خان، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید محمود حسن رضوی قم، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید حسن رضا، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید احسن، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر صاحب نے خصوصی شرکت فرمائی۔

تقریب کے آخر میں، مولانا سید احمد علی عابدی صاحب نے ایک اہم خطاب کیا جس میں انہوں نے مدارس علمیہ کی موجودہ صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ: "اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو آئندہ دس بارہ سال میں دینی و تبلیغی میدان میں شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔"

انہوں نے مزید کہا: "جب دینی تعلیم دنیاوی فائدے کے حصول کا ذریعہ بن جائے، تو کامیابی کا راستہ بند ہو جاتا ہے۔ ہمیں دین کی خدمت کو مقصد بنانا ہوگا، نہ کہ لفافوں اور ملازمتوں کو۔"

مولانا عابدی نے مدارس کے ذمہ داران اور مدرسین سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کی دینی تربیت پر سنجیدگی سے توجہ دیں، اور موجودہ مالی اخراجات کے باوجود تعلیمی میدان میں بہتر نتائج یقینی بنائیں۔

پروگرام کا اختتام مولانا عابدی کی دعائیہ کلمات پر ہوا، جس میں انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دین کی صحیح خدمت اور مدارس علمیہ کی حقیقی کامیابی کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha