جمعرات 1 مئی 2025 - 08:21
مدرسہ علمیہ الولایہ کے منتظمین کی علامہ احمد عابدی سے ملاقات

حوزہ/ مدرسہ علمیہ الولایہ کے منتظمین نے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر احمد عابدی سے دار القرآن علامہ طباطبائی میں ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ علمیہ الولایہ کے منتظمین نے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر احمد عابدی سے دار القرآن علامہ طباطبائی میں ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اس موقع پر حوزہ علمیہ الولایہ کے مدیر حجت الاسلام سید حسن رضا نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے مدرسہ الولایہ اسلام آباد کی تاسیس، اہداف اور امتیازات کا تعارف، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تاسیس اور سیاسی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مدرسہ الولایہ اسلام آباد کے فارغ التحصیل طلباء کی اسلامک یونیورسٹی میں کامیابیاں (10 گولڈ میڈلسٹ) سوریہ، نجف اشرف اور قم المقدسہ میں تدریسی و تحقیقی فعالیتوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے آخر میں ایک کامیاب اور انقلابی حوزہ علمیہ کی مدیریت، تعلیمی اور تربیتی شعبوں میں پیشرفت کے لیے حجت الاسلام والمسلمین عابدی سے رہنمائی کی درخواست کی۔

انہوں نے ڈاکٹر عابدی سے مدرسہ الولایہ کے طلباء کے لیے مسلسل علمی نشستیں اور الولایہ کے اساتذہ کے لیے فقہ و اصول کی تحقیقی کلاسز منعقد کروانے کی درخواست کی۔

حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر احمد عابدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلاب میری نظر میں خصوصی اہلیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے حوزہ ہائے علمیہ کے دروس کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ میں ادبیات عرب پر توجہ کم ہے، جبکہ ادبیات دوسرے مکاتب کا نقطۂ قوت ہیں۔

انہوں نے انقلابِ اسلامی کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضد انقلاب یہ ظاہر نہیں کرتے کہ وہ ضد انقلاب ہیں، لیکن طلاب کی تربیت اس طرح کرتے ہیں کہ وہ آہستہ آہستہ انقلاب مخالف ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کو مسلمانوں کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے، جغرافیائی اہمیت کے اعتبار سے، ایٹمی پاور اور ثقافتی لحاظ سے ایک اہم ملک ہے۔

علامہ احمد عابدی نے مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ اور سنی اتحاد بہت ضروری ہے، ہمیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے، جس سے وحدت کو نقصان ہو۔

آخر میں حجت الاسلام والمسلمین عابدی نے ملاقاتوں کے تسلسل اور طلاب کے ساتھ نشستیں رکھنے کا اعادہ کیا اور الولایہ کے طلاب میں ادبی ذوق اور علمی رغبت پر خوشی کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha