تحریر: مولانا سید امیر حسنین زیدی بجنوری
حوزہ نیوز ایجنسی | انسان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار صلاحیتوں اور امتیازات سے نوازا ہے، لیکن ان صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک اچھا، باکردار اور کامیاب انسان بننا خود انسان کی ذمہ داری ہے۔ محض حسنِ صورت انسان کی عظمت کا معیار نہیں، بلکہ حسنِ سیرت، پاکیزہ اخلاق اور کردار کی بلندی ہی اسے حقیقی معنوں میں ممتاز بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انبیائے کرام علیہم السلام اور اولیائے الٰہی کو انسانوں کی ہدایت اور تربیت کے لیے مبعوث فرمایا، تاکہ وہ اپنی تعلیمات اور عملی زندگی کے ذریعے انسانیت کو کمال اور سعادت کا راستہ دکھائیں۔
اللہ تعالیٰ نے مردوں کی طرح خواتین کی ہدایت اور تربیت کے لیے بھی عظیم المرتبت ہستیوں کو نمونۂ عمل بنایا۔ حضرت حوا، حضرت سارہ، حضرت ہاجرہ، حضرت آسیہ، حضرت مریم اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہن جیسی برگزیدہ خواتین نے تاریخِ انسانیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہی عظیم خواتین میں ایک درخشاں نام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ہے، جنہیں اللہ تعالیٰ نے تمام خواتینِ عالم پر فضیلت عطا فرمائی۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپؑ کو ’’سیدۃ نساء العالمین‘‘ قرار دیا اور ’’فاطمۃ بضعۃ منی‘‘ فرما کر آپؑ کی عظمت و منزلت کو واضح کیا۔ آپؑ کی رضا کو اپنی رضا اور آپؑ کی ناراضگی کو اپنی ناراضگی قرار دے کر آپؑ کے بلند مقام کو بھی آشکار فرمایا۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کا ہر پہلو انسانیت کے لیے ایک مکمل درس اور عملی نمونہ ہے۔ آپؑ نے اپنی مختصر زندگی میں والدین کی خدمت، ازدواجی زندگی، سادگی و قناعت، گھریلو ذمہ داریوں، عبادت، ایثار اور اولاد کی تربیت کے ایسے روشن اصول پیش کیے جو آج بھی ایک کامیاب اور بامقصد زندگی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
والدین کی خدمت اور اولاد کی ذمہ داری
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا جب اپنے والد گرامی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زیرِ سایہ زندگی گزار رہی تھیں، اسی دوران بعثت کے دسویں سال پیغمبر اکرمؐ کو دو عظیم صدمات سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک آپؐ کی غم گسار، شریکِ حیات اور ہر مشکل میں آپؐ کا ساتھ دینے والی حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی وفات اور دوسرے آپؐ کے حامی، مددگار اور مدافع حضرت ابوطالب علیہ السلام کا انتقال تھا۔ ان دونوں شخصیات کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد دشمنانِ اسلام کے حوصلے بڑھ گئے اور رسول اکرمؐ کو طرح طرح کی اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایسے مشکل حالات میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے والد گرامی کی جس محبت، شفقت، دل جوئی اور خدمت کا مظاہرہ کیا، اس نے آپؐ کو اس قدر متاثر کیا کہ آپؐ نے اپنی بیٹی کو ’’اُمّ ابیہا‘‘ یعنی اپنے والد کے لیے ماں جیسی شفقت رکھنے والی کا لقب عطا فرمایا۔
شہزادی کا یہ کردار آج کی نوجوان نسل کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ کم عمری میں اپنے والد کی مشکلات کو سمجھنا، ان کے دکھ درد میں شریک ہونا اور ہر ممکن طریقے سے ان کا سہارا بننا اس بات کی بہترین مثال ہے کہ اولاد کی ذمہ داری صرف والدین سے اپنی ضروریات پوری کروانا نہیں، بلکہ ان کے جذبات، مشکلات اور ضروریات کا خیال رکھنا بھی ہے۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی خدمت کو اپنی ذمہ داری اور سعادت سمجھیں، ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کریں اور زندگی کے نشیب و فراز میں ان کا سہارا بنیں۔
ازدواجی زندگی؛ ایک دوسرے کے لیے بندگیِ خدا کا معاون بننا
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کا ایک اہم اور قابلِ تقلید پہلو آپؑ کی ازدواجی زندگی ہے۔ جب آپؑ کا عقد حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے ہوا اور آپؑ اپنے شوہر کے گھر تشریف لائیں تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علیؑ سے دریافت فرمایا: تم نے فاطمہؑ کو کیسا پایا؟ حضرت علیؑ نے جواب دیا کہ میں نے انہیں اللہ تعالیٰ کی عبادت و بندگی میں بہترین معاون اور مددگار پایا۔
یہ مختصر سا جواب ازدواجی زندگی کی کامیابی کا ایک جامع معیار پیش کرتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ازدواجی زندگی کی حقیقی کامیابی صرف ایک دوسرے کی مادی ضروریات پوری کرنے، دنیاوی آسائشیں فراہم کرنے یا ظاہری خوشیوں تک محدود نہیں، بلکہ اس کا بلند ترین مقصد ایک دوسرے کو نیکی، تقویٰ اور بندگیِ خدا کے راستے پر آگے بڑھنے میں مدد دینا ہے۔
آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ شریکِ حیات کے انتخاب میں ظاہری خوب صورتی، مال و دولت اور دنیاوی حیثیت کے ساتھ اس کے ایمان، اخلاق اور کردار کو بھی بنیادی اہمیت دیں۔ اسی طرح میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے سکون و اطمینان کا ذریعہ بنیں، ایک دوسرے کے دینی و اخلاقی سفر میں معاون ہوں اور اپنی مشترکہ زندگی کو رضائے الٰہی کے حصول کا وسیلہ بنائیں۔ بلاشبہ مثالی ازدواجی زندگی وہی ہے جس میں شوہر اور بیوی صرف شریکِ حیات نہیں بلکہ سفرِ بندگی میں بھی ایک دوسرے کے رفیق ہوں۔
سادگی اور قناعت؛ خوش حال زندگی کا حقیقی راز
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی سادگی، قناعت اور خودداری کا بے مثال نمونہ تھی۔ آپؑ نے محدود وسائل کے باوجود اپنی زندگی عزت، وقار اور اطمینان کے ساتھ گزاری۔ آپؑ کی سیرت دخترانِ ملت کو یہ پیغام دیتی ہے کہ زندگی کی حقیقی کامیابی مہنگے لباس، قیمتی زیورات اور ظاہری آسائشوں میں نہیں، بلکہ پاکیزہ کردار، قناعت، خودداری اور اخلاقی بلندی میں پوشیدہ ہے۔
آج جب معاشرے میں ظاہری نمود و نمائش اور غیر ضروری اخراجات کو خوش حالی کا معیار سمجھا جانے لگا ہے، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان کی قدر و منزلت اس کے لباس یا مال و دولت سے نہیں بلکہ اس کے کردار اور اخلاق سے متعین ہوتی ہے۔ قناعت انسان کو غیر ضروری خواہشات کی غلامی سے آزاد کرتی اور زندگی میں حقیقی سکون عطا کرتی ہے۔
گھریلو ذمہ داریاں اور انسانی مساوات
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی خادمہ حضرت فضہ کے ساتھ گھریلو کاموں کی تقسیم کے ذریعے خواتین اور خاندانوں کو ایک اہم اخلاقی سبق دیا۔ آپؑ نے گھریلو ذمہ داریوں کو اپنے اور فضہ کے درمیان تقسیم کیا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ گھر کے کام معمولی یا غیر اہم نہیں، بلکہ خاندان کے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کی ایک اہم ذمہ داری ہیں۔
اس طرزِ عمل سے یہ درس بھی ملتا ہے کہ گھریلو ذمہ داریوں کا سارا بوجھ کسی ایک فرد پر ڈال دینا مناسب نہیں۔ خاندان کے تمام افراد کو اپنی استطاعت کے مطابق ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔ اسی طرح خدمت انجام دینے والے افراد کے ساتھ عزت، احترام اور انسانی ہمدردی کا برتاؤ کرنا بھی ضروری ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں بتاتی ہے کہ انسان کی عظمت اس کے منصب یا حیثیت میں نہیں، بلکہ اس کے اخلاق اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک میں ہے۔
اولاد کی تربیت؛ ایک عظیم ماں کا مثالی کردار
کسی بھی خاتون کی زندگی کا ایک نہایت اہم پہلو ماں کی حیثیت سے اولاد کی تربیت ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی میں یہ پہلو خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ آپؑ نے اپنی مختصر زندگی میں ایسی اولاد کی تربیت فرمائی جو بعد میں تاریخِ اسلام میں صبر، شجاعت، عبادت، ایثار، حق پرستی اور قربانی کی عظیم مثال بن گئی۔
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا خود عبادت، دعا اور مناجات میں ممتاز مقام رکھتی تھیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ آپؑ نے اپنی اولاد کو بھی اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس سے مضبوط تعلق قائم کرنے کی عملی تربیت دی۔ روایت میں امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام سے منقول ہے:
’’رَأَيْتُ أُمِّي فَاطِمَةَ قَامَتْ فِي مِحْرَابِهَا لَيْلَةَ جُمُعَتِهَا، فَلَمْ تَزَلْ رَاكِعَةً سَاجِدَةً‘‘
ترجمہ: میں نے اپنی والدہ فاطمہؑ کو شبِ جمعہ محرابِ عبادت میں دیکھا کہ وہ مسلسل رکوع اور سجود میں مشغول رہیں۔
یہ روایت اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ بچوں کی تربیت صرف نصیحتوں اور زبانی تعلیمات سے نہیں ہوتی، بلکہ والدین کا عملی کردار بھی اس میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جب بچے اپنے والدین کو عبادت، اخلاق، صبر اور خدمتِ خلق میں نمونۂ عمل دیکھتے ہیں تو ان کے کردار پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اسی عملی تربیت کی ایک روشن مثال واقعۂ نذر ہے۔ روایت کے مطابق جب امام حسنؑ اور امام حسینؑ بیمار ہوئے تو حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے نذر مانی کہ دونوں فرزندوں کی صحت یابی پر تین دن روزہ رکھیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں شفا عطا فرمائی تو گھر کے تمام افراد نے نذر کے مطابق روزے رکھے۔
افطار کے وقت پہلے دن ایک مسکین، دوسرے دن ایک یتیم اور تیسرے دن ایک اسیر نے کھانا طلب کیا۔ اہلِ بیتؑ نے اپنا کھانا ان ضرورت مندوں کو دے دیا اور خود بھوکے رہ کر روزہ مکمل کیا۔ اس عظیم ایثار میں گھر کے بچوں، امام حسنؑ اور امام حسینؑ کی شرکت بھی اس بات کی علامت ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی اولاد کو ایثار اور دوسروں کی ضروریات کو اپنی ضروریات پر ترجیح دینے کی عملی تربیت دی تھی۔
اسی واقعے کی مناسبت سے سورۂ انسان کی آیات نازل ہوئیں، جن میں اہلِ بیت علیہم السلام کے ایثار اور اخلاص کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ آج کے والدین کو یہ سبق دیتا ہے کہ بچوں میں سخاوت، ہمدردی اور دوسروں کے کام آنے کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے انہیں صرف نصیحت کرنا کافی نہیں، بلکہ خود بھی ان کے سامنے عملی نمونہ پیش کرنا ضروری ہے۔
حق پرستی اور استقامت؛ تربیتِ فاطمہؑ کا روشن ثمر
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تربیت کا ایک اہم ترین پہلو حق پرستی، باطل کے مقابلے میں استقامت اور راہِ حق میں قربانی کا جذبہ تھا۔ آپؑ نے اپنی اولاد کی شخصیت سازی اس انداز سے فرمائی کہ ان کے کردار میں ایمان، شجاعت، صبر، حق گوئی اور ثابت قدمی نمایاں نظر آتی ہے۔
کربلا میں امام حسین علیہ السلام کا باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا، حق و حقیقت کی حفاظت کے لیے اپنے اہل و عیال اور جانثار ساتھیوں کے ساتھ عظیم قربانی پیش کرنا، اسی مکتبِ تربیت کی ایک روشن جھلک ہے۔ اسی طرح حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی خطابت، صبر، استقامت اور پیغامِ کربلا کو دنیا تک پہنچانے کا عظیم کردار بھی اسی خانوادۂ عصمت و طہارت کی تربیت کا مظہر ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی اولاد کو صرف کھانے پینے اور ظاہری ضروریات تک محدود نہیں رکھا، بلکہ ان کی روحانی، اخلاقی اور فکری شخصیت کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی۔ یہی وجہ ہے کہ امام حسنؑ کی بردباری، امام حسینؑ کی شجاعت، حضرت زینبؑ کی خطابت و استقامت اور حضرت ام کلثومؑ کے کردار میں اس عظیم تربیت کے نمایاں آثار دکھائی دیتے ہیں۔
سیرتِ فاطمہؑ؛ آج کے معاشرے کے لیے رہنمائی
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک ایسا مکمل تربیتی اور اخلاقی نظام ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں انسان کی رہنمائی کرتا ہے۔ آپؑ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ والدین کی خدمت کیسے کی جائے، ازدواجی زندگی کو محبت اور بندگیِ خدا کی بنیاد پر کیسے استوار کیا جائے، محدود وسائل میں عزت و وقار کے ساتھ کیسے زندگی گزاری جائے، گھریلو ذمہ داریوں میں مساوات اور احترام کو کیسے فروغ دیا جائے اور نئی نسل کی تربیت ایمان، ایثار اور حق پرستی کی بنیاد پر کیسے کی جائے۔
اگر آج کے خاندان، والدین، نوجوان اور خواتین سیرتِ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ان روشن اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لیں تو بہت سے معاشرتی مسائل کا حل ممکن ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کامیاب زندگی کا راز صرف مادی ترقی میں نہیں، بلکہ اچھے کردار، مضبوط ایمان، پاکیزہ اخلاق اور دوسروں کے لیے نفع بخش ہونے میں ہے۔
آخر میں مالکِ کونین کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں اور ہماری نسلوں کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، بالخصوص ہماری بچیوں کو سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں پاکیزہ کردار، علم و معرفت اور بلند اخلاق سے آراستہ فرمائے۔ آمین۔










آپ کا تبصرہ