حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہ گنج بھادی جونپور میں مولانا معصوم رضا کیفی نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت تاریخِ اسلام کی ایک ایسی عظیم اور بے مثال شخصیت ہے، جن کی سیرت قیامت تک آنے والی انسانیت، بالخصوص خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ آپؑ کی زندگی صرف ایک مذہبی شخصیت کی سوانح نہیں، بلکہ عبادت، تقویٰ، حیا، علم، اخلاق، صبر، ایثار اور ذمہ داری کا مکمل درس ہے۔ مولانا معصوم رضا کیفی نے اس موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کو اگر ایک مثالی زندگی گزارنے کے لیے کسی شخصیت کو اپنا رہنما بنانا ہے تو سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سب سے بہترین نمونہ ہے۔
قرآن مجید نے اہلِ بیت علیہم السلام کی عظمت و طہارت کو آیتِ تطہیر میں بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا (سورۂ احزاب: 33)۔ اس آیت کے مطابق اہلِ بیتؑ کو خصوصی مقامِ طہارت عطا کیا گیا ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اسی پاکیزہ خاندان کی عظیم ہستی ہیں۔ آپؑ کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ حقیقی عظمت ظاہری شان و شوکت میں نہیں، بلکہ ایمان، کردار، پاکیزگی اور رضائے الٰہی کے حصول میں ہے۔
مولانا کیفی نے مزید کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ایک مثالی بیٹی، مثالی زوجہ اور مثالی ماں ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باکردار، باشعور اور ذمہ دار خاتون بھی تھیں۔ آپؑ نے بحیثیت بیٹی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احترام و خدمت کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا، بحیثیت زوجہ حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ محبت، تعاون اور سادگی کی مثال قائم کی اور بحیثیت ماں امام حسنؑ، امام حسینؑ اور حضرت زینبؑ جیسی عظیم شخصیات کی تربیت فرمائی۔ آپؑ کی زندگی کا ہر پہلو خواتین کے لیے ایک مستقل تربیتی درس رکھتا ہے۔
انہوں نے حدیثِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، فَمَنْ أَغْضَبَهَا أَغْضَبَنِي (فاطمہ میرے وجود کا حصہ ہیں، جس نے انہیں ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حدیث حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بلند مقام و منزلت کو واضح کرتی ہے۔ اسی طرح سورۂ انسان کی آیات 8 اور 9 میں اہلِ بیت علیہم السلام کے ایثار اور خالصتاً رضائے الٰہی کے لیے ضرورت مندوں کو کھانا کھلانے کے جذبے کو بیان کیا گیا ہے: إِنَّمَا نُطْعِمُكُمْ لِوَجْهِ اللَّهِ لَا نُرِيدُ مِنكُمْ جَزَاءً وَلَا شُكُورًا۔ یہ تعلیم ہمیں بتاتی ہے کہ حقیقی عبادت صرف نماز و روزہ تک محدود نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت اور دوسروں کے لیے ایثار بھی بندگی کا اہم حصہ ہے۔
آخر میں مولانا معصوم رضا کایفی نے کہا کہ آج کے معاشرے میں خاندانی نظام کی مضبوطی، بچوں کی صحیح تربیت، اخلاقی اقدار کا تحفظ اور خواتین کی دینی و سماجی ذمہ داریوں کو سمجھنے کے لیے سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آپؑ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ ایک خاتون اپنی عفت و پاکیزگی، علم و معرفت، عبادت و بندگی اور اعلیٰ کردار کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کی اصلاح میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔ لہٰذا حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کسی ایک زمانے یا طبقے کے لیے نہیں، بلکہ پوری کائنات کی خواتین کے لیے عظیم ترین آئیڈیل اور رہتی دنیا تک مشعلِ راہ ہے۔










آپ کا تبصرہ