حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 جمادی الثانی، یوم شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا: بنت رسول اکرم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا آیتِ تطہیر کا مصداق اور سیدۃ النساء ہیں۔ آپ نے بحیثیت دختر، زوجہ اور مادر جس مثالی طرزِ زندگی کا مظاہرہ کیا، وہ خواتین کے لیے بہترین نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے دخترِ رسول ہونے کی حیثیت سے رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے باعثِ رحمت و تسکین بن کر اپنے مقام و مرتبے کا اظہار کیا جبکہ ازدواجی زندگی میں ایک مثالی بیوی اور ماں کا کردار ادا کیا۔ آپ سلام اللہ علیہا نے گھر کے تمام امور خود انجام دیے، اولاد کی تربیت کی، اپنی کنیز کے ساتھ برابری اور دوستانہ سلوک روا رکھا اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے ساتھ گھریلو ذمہ داریوں کی تقسیم کو اپنا معمول بنایا۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے حضرت علی علیہ السلام جیسے شجاع، سخی اور باعظمت شوہر کے ہوتے ہوئے بھی اطاعت، تابعداری اور خدمت کو اپنا شعار بنایا، کبھی غیر ضروری فرمائش نہیں کی اور جوانانِ جنت کے سرداروں کی والدہ ہونے کے باوجود سادہ زندگی اور فاقہ کشی کو ترجیح دی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا: صدیقہ، طاہرہ اور بتول جیسے عظیم القابات کی حامل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اطاعتِ خداوندی، علم و کمال، عفت و پاکدامنی، حیا، تربیتِ اولاد، اعلیٰ تہذیب، اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعہ ایک مثالی اسلامی معاشرے کی بنیادیں فراہم کیں۔
انہوں نے کہا: آج کی خواتین جدید دور کے تقاضوں کو سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے کردار و سیرت کے نقوش کی روشنی میں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ بالخصوص مسلم معاشرے میں ازدواج اور شادی جیسے اہم معاملات میں سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو نمونہ عمل بنایا جائے تاکہ معاشرے کو تمام مفاسد، بے راہ روی اور انتشار سے محفوظ رکھتے ہوئے اخروی نجات کی راہ ہموار کی جا سکے۔










آپ کا تبصرہ