حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے موقع پر حجۃ الاسلام سید محمود حسن رضوی نے ’علی نقی پالم‘ آندھرا پردیش میں مجالس عزا کے سلسلے سے مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا وجود مقدس ، زندگی، طرز عمل اور فرامین تمام خواتین کے لیے اسوہ اور نمونہ عمل ہے، اس باعظمت خاتون کے سلسلے میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا: أَنَّ ابْنَتِی فَاطِمَةَ سَیِّدَةُ نِسَاءِ أَهْلِ الْجَنَّةِ؛ میری بیٹی فاطمہ بہشتی خواتین کی سردار ہے۔
انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ارشاد گرامی کے مطابق، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا، دنیا کی ان تمام بابرکت خواتین کی سردار ہیں جنہوں نے حق راہ میں اپنی کوششوں کے ذریعہ بلند مقام حاصل کیا۔
حضرت زہر (س) کسی معمولی خاتون کا نام نہیں ہے، بلکہ ایک روحانی ، ملکوتی اور ہر لحاظ سےانسان کامل کا نام ہے، ایسی ملکوتی خاتون کہ جسے اللہ تعالی نےبشر کی صورت میں ظاہر کیا ہے، جو اگر مرد ہوتی ہے تو نبی یا رسول ہوتی۔
انہوں نے اپنی گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا: دور حاضر کی خواتین کو اگر زندگی کا سبق لینا ہے تو ذات فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے لیں، درس قناعت اور سادگی، درس مہمان نوازی، درس تواضع ، شوہر کے ساتھ ہمدردی کا درس، عفت و حیا کا درس، عبادت و اطاعت کا درس، خلاصہ یہ کہ زندگی کے ہر شعبے میں حضرت زہرا (س) کی ذات ایک مکمل اسوہ اور نمونہ عمل ہے۔
مولانا نے مزید کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے نقطہ نظر سے عورت اللہ تعالی سے سب قریب اس وقت ہوتی ہے جب وہ اپنے آپ کو نا محرموں کی نظروں سے دور رکھتی ہے اور اپنے گھر میں رہتی ہے، اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہے اور اپنے شوہر کا خیال رکھتی ہے، امام صادق علیہ السلام نے اس بارے میں حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا ارشاد نقل کیا ہے: أَنَّ أَدْنَی مَا تَکُونُ مِنْ رَبِّهَا أَنْ تَلْزَمَ قَعْرَ بَیْتِهَا، عورت اللہ تعالیٰ سے سب سے نزدیک اور قریب اس وقت ہوتی ہے جب وہ اپنے گھر میں رہتی ہے۔