۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجۃ الاسلام سید محمود حسن رضوی

حوزہ/ حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا: فاطمہ زہرا (س) محافظہ ولایت اور شہیدہ ولایت ہیں ، لہذا ہمیں زندگی کے ہر لمحے اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمارے قدم راہ ولایت سے منحرف نہ ہوں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد حسینؑ، وجے واڑا، آندھرا پردیش میں ایام فاطمیہ کی مجالس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمود حسن رضوی نےسیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا:فاطمہ زہرا (س) محافظہ ولایت کا نام ہے، اسی لئے شہزادی کونین (س) کو شہیدہ ولایت کہا جاتا ہے، لہذا ہمیں زندگی کے ہر لمحے اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمارے قدم راہ ولایت سے منحرف نہ ہوں۔

انہوں نے کہا: قرآن مجید میں آیت مباہلہ میں فاطمہ زہرا (س) کو " نساءَنَا" سے تعبیر کرنے کی وجہ اور راز یہ ہے کہ حضرت فاطمہ (س) اوصاف الہی کی مظہر ہیں، کائنات کی تمام نیکیوں کا ظہور اسی ذات با برکت سے ہے۔

حجۃ الاسلام مولانا سید محمود حسن رضوی نے کہا: قرآن مجید میں حضرت زہرا (س) کی شان میں بہت سی آیات ہیں، آیت مباہلہ، سورہ کوثر، سورہ انسان، آیت تطہیر (احزاب/33) کے علاوہ اگر ہم تفسیر قرآن اور احادیث کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ آیات ۴۳ و ۹۰ سوره نحل، ۲۶ و ۵۷ اسراء، ۱۱۵ و ۱۳۲ طه، آیت ۴ سوره روم، ۲۴ سوره سجده، ۳۳، ۴۱ و ۵۷ احزاب، ۳۴ فاطر و ۷۵ ص، ۲۳ شوری، ۱ سے۳ سورہ دخان، ۲۱ جاثیه، ۱۱ محمد (ص)، ۱۷ ذاریات، ۱۷ و ۲۱ طور، ۳۱، ۳۷، ۱۲۴ و ۲۳۸ بقره، ۷۱ و ۱۹۵ آل‌عمران، ۲۹ رعد و ۲۴ ابراهیم سے مراد ذات حضرت فاطمہ (س) ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر نے نوجوانوں کو خطاب کرتے اس بات پر تاکید کی کہ ہمیں سیرت معصومین علیہم السلام کو اپنا نمونہ عمل بنانا چاہئے، ہماری زندگی کا کوئی بھی لمحہ اہل بیت علیہم السلام کے بتائے گئے راستے سے جدا نہ ہو۔

مولانا نے تقریر کے آخر موجودہ دور میں بعض نوجوانوں کو لے کر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا: آج کل نوجوانوں میں بڑی عام سی بات ہو گئی ہے کہ والدین کو اطلاع دئے بغیر شادی کر لیتے ہیں، اس سے معاشرے میں ایک عجیب سا ماحول پیدا ہو گیا ہے، شادی کے بعد نوجوانوں کی دین و اسلام سے دوری اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ یہ کام نہایت ہی مذموم ہے جس کے متعلق ہمارے نوجوانوں کو ضرور آگاہ رہنا چاہئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .