حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت اور 2015ء میں نائیجیریا کے شہر زاریا میں شیعیان اور محبانِ اہلبیت علیہم السلام کی شہادت کی ساتویں برسی کی مناسبت سے مجلسِ عزا اور عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مجلس عزا نائیجیریا کے دارالحکومت شہر ابوجا میں حسینیہ شہداء میں منعقد ہوئی۔ جس میں بڑی تعداد میں شیعیان اور محبانِ اہلبیت علیہم السلام اور اس ملک کے نامور مبلغین اور شیخ ابراہیم زکزاکی کے بعض وکلاء نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ 15 دسمبر 2015ء کو نائیجیریا کے شہر زاریا میں نائیجیرین فوج نے حملہ کر کے شیعیانِ اہلبیت علیہم السلام کا قتلِ عام کیا تھا اور نائیجیریا کے شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی کو تشویشناک حالت میں گرفتار کر لیا تھا جو پانچ سال تک زندان میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس دلخراش سانحے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے۔