۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
شیخ زکزاکی

حوزہ/ اسلامی تحریک نائیجیریا کی خواتین ارکان کے ایک وفد نے تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک نائیجیریا کی خواتین ارکان کے ایک وفد نے تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اس موقع پر خواتین اور لڑکیوں سے متعلق کچھ سماجی اور تعلیمی مسائل کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، ملاقات کے آغاز میں شیخ ابراہیم زکزاکی نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے واقعی آپ سب پر فخر ہے۔ آپ میری مائیں بہنیں بھی اپنے بھائیوں کی طرح، اسیری کے ایام ہوں یا دوسرے مسائل جہاد سے دستبردار نہیں ہوئیں اور آپ قدم بہ قدم اپنے مجاہد بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ایثار و قربانی کی ثقافت کو مضبوط کرنے کے لئے میدان میں حاضر ہیں۔

اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ نے مزید کہا کہ آپ خواتین اور دنیا کی دیگر آزاد خواتین کو شجاعت، بردباری اور ولایت مداری میں عقیلہ بنی ہاشم حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا جیسا نمونۂ عمل نہیں ملے گا، لہٰذا مناسب ہے کہ آپ اپنے ذاتی امور اور دینی و سماجی فرائض کی ادائیگی کے لئے آنحضرت کو رول ماڈل قرار دیں اور ان کی اور ان کے آباؤ اجداد کی سیرت پر عمل کریں۔

شیخ زکزاکی نے مزید حضرت زینب الکبری سلام اللہ علیہا کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے امام زین العابدین علیہ السلام کا ایک فرمان نقل کیا اور کہا کہ احادیث میں آیا ہے کہ امام سجاد علیہ السلام نے اپنی پھوپھی حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو مخاطب کر کے فرمایا: «أنتِ بِحَمدِ اللّه‏ عالِمَةٌ غَیرُ مُعَلَّمَةٍ، فَهِمَةٌ غَیرُ مُفهَّمَةٍ» اس روایت سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا اپنی ذاتی، سیاسی اور روحانی زندگی کے ساتھ ساتھ علمی اعتبار سے بھی اپنے دور میں خواتین کی رہنما تھیں، لہٰذا آپ میری بہنوں اور بیٹیوں کو جتنا ہو سکے اسلامی اور علوی معارف حاصل کرنا چاہئیں اور اسے اپنے بچوں تک پہنچائیں۔

آخر میں، اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ نے اجلاس میں موجود خواتین کی قدردانی کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے قیام سے لے کر اب تک شہید ہونے والی خواتین کا ذکر کیا اور ان شہیدوں کا نام لے کر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی اور اجر عظیم کے لئے دعا کی۔

خواتین کے لئے حضرت زینب (س) سے بہتر کوئی رول ماڈل نہیں، شیخ ابراہیم زکزاکی

خواتین کے لئے حضرت زینب (س) سے بہتر کوئی رول ماڈل نہیں، شیخ ابراہیم زکزاکی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .