حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک اسلامی نائیجیریا کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی سے حوزہ علمیہ ایران، نجف اور لبنان سے فارغ التحصیل ہوئے طلباء اور علمائے کرام کے ایک وفد نے، اس ملک کے دارالحکومت ابوجا میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات میں شیخ زکزاکی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تبلیغ کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تبلیغ کرنا بالخصوص بین الاقوامی سطح پر، بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اپنے اپنے علمی مراکز سے کسب تحصیل کرنے کے بعد ضروری ہے کہ اپنے اپنے وطنوں کی جانب واپس پلٹا جائے اور تبلیغ دین بالخصوص جوان نسل تک دینی تعلیمات پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں نیز اس علوی راہ کو مزید سرسبز و شاداب و پر رونق بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ملک سے باہر جا کر دینی مدارس میں تحصیل علم کا ہدف ایسے مربی، مبلغ اور اساتذہ کی تربیت ہے، جو اسلامی ثقافت کو معاشرے میں پھیلائیں اور رائج کریں۔ یہ نکتہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ طالب علم دنیا کے بڑے بڑے حوزہ ہائے علمیہ سے کسب فیض اور علم حاصل کرنے کے بعد اپنے ملک کی جانب پلٹے اور اپنے شہر یا گاؤں میں اسلام ناب محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ترویج کر کے اپنے تبلیغی فریضہ کو انجام دے۔