حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایام عزاۓ فاطمیہ میں پہلی جمادی الثانی ۱۴۴۴ھ کھچڑی پور "دہلی" کی مجلس خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام و المسلمین مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلک چھولسی نے جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے بیان دیا: فاطمہ زہرا سب سے پہلی حامی ولایت تھیں، اگر آج کی زبان میں کہا جائے تو شہزادی کونین سب سے پہلی مولائی تھیں۔
موصوف نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے کہا: آج جو ہم ولایت کا دعویٰ کرتے ہیں، آج جو ولایت ہم تک پہنچی ہے یہ فاطمہ زہرا کی مرہون منت ہے؛ اگر فاطمہ زہرا ولایت کی حمایت میں کھڑی نہ ہوتیں تو آج ولایت کا کوئی نام لیوا نہ ہوتا۔
مولانا غافر رضوی نے مزید کہا: جو حقیقی شیعہ ہے وہ کبھی بھی حقیقی راہ ولایت سے منحرف نہیں ہوتا، میں آج کل کے منھ بولے مولائیوں کی بات نہیں کر رہا ہوں بلکہ میری مراد حقیقی راہ ولایت پر گامزن حقیقی مولائی ہے ورنہ ایسے تو ہزاروں کی تعداد میں مولائی مل جائیں گے جو خالی دعوے کرتے ہیں۔
مولانا نے آخر کلام میں مصائب کی جانب رخ کرتے ہوئے بیان دیا: فاطمہ زہرا نے اپنی جان دے دی لیکن ولایت پر آنچ نہ آنے دی، اگر ہم خود کو فاطمہ کا پیروکار کہتے ہیں تو کم سے کم حقیقی راہ ولایت پر ہی گامزن ہوجائیں!۔