اتوار 25 اکتوبر 2026 - 20:09
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

حوزہ/ کلکتہ کے زہرا ایجوکیشن سینٹر میں 25 اکتوبر 2026ء، بروز اتوار، سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں حجاب و عفت کی اہمیت کے موضوع پر درسِ اخلاق منعقد ہوا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام رسول نوری نے مرکز کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے اخلاقی و تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور حجاب، حیا، پاک دامنی اور دینی اقدار کی حفاظت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کلکتہ کے زہرا ایجوکیشن سینٹر میں 25 اکتوبر 2026ء، بروز اتوار، سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں حجاب و عفت کی اہمیت کے موضوع پر درسِ اخلاق منعقد ہوا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام رسول نوری نے مرکز کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے اخلاقی و تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور حجاب، حیا، پاک دامنی اور دینی اقدار کی حفاظت پر زور دیا۔

مولانا شیخ غلام رسول نوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی کنیزیں کہلانے کا شرف حاصل کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں اپنی زندگی کو آپؑ کی سیرت کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کا ایک اہم تقاضا حجاب، عفت، پاک دامنی اور حیا کی حفاظت ہے۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

انہوں نے کہا کہ حجاب محض ایک ظاہری لباس یا معاشرتی رسم نہیں، بلکہ عورت کی عزت و وقار، حیا اور دینی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور پاکیزہ سیرت خواتین کے لیے روشن نمونہ ہے، جس سے زندگی کے مختلف شعبوں میں رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ بی بیؑ سے محبت کا تقاضا صرف زبان سے ان کی کنیزی کا اظہار کرنا نہیں، بلکہ اپنے کردار، گفتار، لباس اور طرزِ زندگی میں بھی ان کی تعلیمات کی پیروی کرنا ہے۔

مولانا موصوف نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا دعویٰ کرنے والی بیٹیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حیا کو زینت، حجاب کو عزت اور عفت کو اپنی پہچان بنائیں۔ حجاب کسی پابندی کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک پاکیزہ طرزِ زندگی کا حصہ ہے، جو ایک باوقار، باشعور اور باایمان خاتون کی شخصیت کو نمایاں کرتا ہے۔ سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حقیقی عظمت ظاہری نمائش میں نہیں، بلکہ ایمان، تقویٰ، حیا اور پاکیزہ کردار میں پوشیدہ ہے۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

درسِ اخلاق کے دوران مولانا شیخ غلام رسول نوری نے طالبات کی اخلاقی تربیت کے سلسلے میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے منسوب شہد کی مکھی اور عام مکھی کی مثال بھی بیان کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شہد کی مکھی پاکیزہ چیزوں سے غذا حاصل کرتی ہے اور اس سے ایسی شیء تیار ہوتی ہے جو دوسروں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، جب کہ عام مکھی گندگی پر بیٹھتی ہے اور ناپاک چیزوں سے تعلق رکھتی ہے۔

اس مثال کے ذریعے طالبات کو یہ پیغام دیا گیا کہ ایک مؤمنہ کی زندگی بھی شہد کی مکھی کی مانند ہونی چاہیے۔ اسے پاکیزہ افکار اپنانے، اچھی صحبت اختیار کرنے اور علم و اخلاق کے ذریعے اپنی شخصیت سنوارنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ اس کا کردار دوسروں کے لیے بھی خیر و بھلائی کا ذریعہ بنے۔ انسان کی غذا کے ساتھ ساتھ اس کے خیالات، صحبت اور اعمال بھی اس کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

قابلِ ذکر ہے کہ زہرا ایجوکیشن سینٹر کے بانی مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اطہر عباس رضوی کی دینی و تعلیمی خدمات کے تسلسل میں یہ مرکز بچیوں کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت کے لیے سرگرم ہے۔ اس مرکز میں طالبات کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور دینی اقدار سے آشنائی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ اس وقت اس مرکز کے منتظم حجۃ الاسلام مولانا مہر عباس رضوی (جواد) ہیں۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

پروگرام کے اختتام پر مولانا شیخ غلام رسول نوری نے مرکز کے بانی مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اطہر عباس رضوی کے ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی تلاوت کروائی۔ اس کے بعد انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب بیان کیے، جس سے محفل میں رقت و غم کی کیفیت طاری ہوگئی اور حاضرین نے اہل بیت علیہم السلام کی مظلومیت کو یاد کیا۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا، آپؑ کی سیرت پر عمل: حجۃ الاسلام شیخ غلام رسول نوری

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بحقِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام زہرا ایجوکیشن سینٹر کو روز افزوں ترقی عطا فرمائے، اس کے بانی مرحوم مولانا سید اطہر عباس رضوی کے درجات بلند فرمائے اور مرکز کی طالبات کو سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پیروی کرتے ہوئے علم، حیا، عفت، تقویٰ اور اخلاقِ حسنہ سے آراستہ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha