منگل 25 اگست 2026 - 16:36
جشن منانے کے ساتھ ساتھ سیرتِ طیبہ پر عمل بھی ضروری ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لیے ہمیں سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے استفادہ کرنا ہو گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 12 ربیع الاول، پاکستان میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: سیرت طیبہ امتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پوری انسانیت کے لیے نمونۂ عمل ہے۔

انہوں نے کہا: میلاد خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لیے ہمیں سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے استفادہ کرنا ہو گا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: حیاتِ طیبہ اور سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیا جائے اور نظام میں موجود خامیوں کو دور کرتے ہوئے اسے ایک فلاحی مملکت بنایا جائے۔

انہوں نے کہا: جب ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ایک قرآن، ایک کعبہ اور بہت سے دیگر مشترکات پر ایمان ہے تو فروعی نوعیت کے اختلافات میں علمی سطح، مہذب انداز اور شائستگی کو اختیار کرنا چاہیے اور مسالک کے مقدسات کی توہین سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے عوام اور کارکنان کو ہدایت کی کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے درمیان وحدت و یگانگت کو فروغ دے کر اور مسلکی ہم آہنگی کو مضبوط بنا کر ملتِ اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ہمیں فرقہ پرست عناصر پر واضح کرنا ہوگا کہ وہ امتِ مسلمہ کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے اور مسلمانوں کے درمیان باہمی اخوت، رواداری اور ہم آہنگی کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha